جسٹس شانتناگودر کے اعزاز میں عدالت کی تمام کارروائیاں ملتوی

چیف جسٹس این وی رمن کی سربراہی میں بھری عدالت نے جسٹس شانتناگودر کو دو منٹ خاموش خراج تحسین پیش کیا۔ اس کے بعد چیف جسٹس این وی رمن نے آج زیر غور آنے والی تمام عدالتی کارروائیوں کو آنجہانی جج کے اعزاز میں ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ آج کی فہرست میں درج تمام مقدمات کی سماعت کل ہوگی۔

نئی دہلی: آنجہانی جسٹس موہن ایم شانتناگودر کے اعزاز میں پیر کے روز سپریم کورٹ میں عدالتی کارروائی ملتوی کردی گئی۔

چیف جسٹس این وی رمن کی سربراہی میں بھری عدالت نے جسٹس شانتناگودر کو دو منٹ خاموش خراج تحسین پیش کیا۔ اس کے بعد چیف جسٹس این وی رمن نے آج زیر غور آنے والی تمام عدالتی کارروائیوں کو آنجہانی جج کے اعزاز میں ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ آج کی فہرست میں درج تمام مقدمات کی سماعت کل ہوگی۔

چیف جسٹس نے کہا "ہم 24 اپریل کی شام کو اپنے ساتھی جج کے غیر وقتی انتقال ہونے سے سخت رنجیدہ ہیں”۔ اپنے تعزیتی پیغام میں چیف جسٹس این وی رمن نے اتوار کے روز کہا تھا کہ "میں ان (جسٹس شانتناگودر)کے جلد اور مکمل صحت یاب ہونے اور جلد از جلد بنچ میں واپس لوٹ آنے کی امید کررہا تھا”۔

انہوں نے کہا "ان کی وفات کی خبر سخت صدمے کی طرح آئی ہے۔ میں نے اپنا ایک اہم رفیق کار کھو دیا ہے۔ سپریم کورٹ میں چار سال سے ان کے ساتھ وابستہ رہنے سے مجھے ان کے حیرت انگیز قانونی قابلیت سے بہت فائدہ پہنچا ہے”۔

چیف جسٹس نے آنجہانی جسٹس شانتناگودر کے بیٹے سے بھی بات کی تھی اور اپنی طرف سے اور عدالت عظمی کے ساتھی ججوں کی جانب سے غمزدہ لواحقین کے تئيں گہری تعزیت کا اظہار کیا تھا۔