سیتا رمن کی مختلف گروپوں کے ساتھ مرکزی بجٹ 2022-23 سے قبل بات چیت مکمل

مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے آج سال 2022-23 کے مرکزی بجٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف گروپوں کے ساتھ بجٹ سے قبل بات چیت کا اختتام کیا۔

نئی دہلی: مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے آج سال 2022-23 کے مرکزی بجٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف گروپوں کے ساتھ بجٹ سے قبل بات چیت مکمل کی۔ اس دوران انہوں نے آٹھ ورچول میٹنگ میں سات اسٹیک ہولڈر گروپس کے 120 نمائندوں سے بات چیت کی ہے۔

محترمہ سیتا رمن نے یہ ملاقاتیں 15 دسمبر سے شروع کی تھیں جو آج ختم ہوگئیں۔ ملک کے معروف ماہرین اقتصادیات سے آخری ملاقات آج ختم ہوئی۔ اس دوران انہوں نے کاشت کاری اور زرعی مصنوعات کی پروسیسنگ انڈسٹری، صنعت، انفراسٹرکچر اور موسمیاتی تبدیلی، مالیاتی شعبے، کیپٹل مارکیٹس، خدمات اور تجارت، سماجی شعبے، مزدور یونین، ٹریڈ یونین اور ماہرین اقتصادیات سے میٹنگ کی ہیں۔

ان میٹنگوں میں وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری اور ڈاکٹر بھگوت کشن راؤ کراڑ، فائنانس سکریٹری ٹی وی سومناتھن، اقتصادی امور کے سکریٹری اجے سیٹھ، دیپک سکریٹری تُہین کانت پانڈے، مالیاتی خدمات کے سکریٹری دیباشیش پانڈا، کارپوریٹ امور کے سکریٹری راجیش ورما اور ریونیو سکریٹری ترون بجاج کے ساتھ ہی وزارت کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ متعلقہ محکموں اور وزارتوں کے سیکرٹریوں نے بھی آن لائن شرکت کی۔

میٹنگوں کے دوران تحقیق اور ترقیاتی اخراجات میں اضافہ، ڈیجیٹل سروسز کو انفراسٹرکچر کا درجہ دینے، ہائیڈروجن اسٹوریج کی حوصلہ افزائی، فیول سیل ڈیولپمنٹ، انکم ٹیکس کی شرح کو معقول بنانے اور آن لائن سیکیورٹی اقدامات میں سرمایہ کاری کرنے کے مشورے دیے گئے۔

محترمہ سیتا رمن نے میٹنگوں میں شرکت کرنے والوں کو بھی یقین دلایا ہے کہ ان کی تجاویز کو عام بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔