یوم آزادی پر نتیش کمار نے خواتین، کسانوں، سرکاری ملازمین اور طلبا و طالبات کو دیا بڑا تحفہ

 

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے 75 ویں یوم آزادی پر یہاں تاریخی گاندھی میدان میں پرچم کشائی کے بعد ریاست کے لوگوں کو خطاب کرتے ہوئے زراعت، تعلیم اور سیاحت کی ترقی کے ساتھ ہی خواتین، کسانوں، سرکاری ملازمین اور طلبا و طالبات کیلئے نو اعلانات کئے۔

پٹنہ: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے 75 ویں یوم آزادی پر بہار زرعی یونیورسٹی سبور کے تحت تین کالجوں کا قیام، سبھی زرعی بازار کمیٹیوں تجدید اور ترقی، تمام طبقات کے امیدواروں کیلئے سول سروس حوصلہ افزا منصوبہ اور پرائمری اسکولوں میں ہیڈ ٹیچر کیڈر، ہائی اسکولوں میں ہیڈ ماسٹر کیڈر کی تشکیل اور سرکاری ملازمین کے لئے مہنگائی بھتہ 28 فیصد کئے جانے کا اعلان کیا۔

مسٹر کمار نے اتوار کو یہاں تاریخی گاندھی میدان میں پرچم کشائی کے بعد ریاست کے لوگوں کو خطاب کرتے ہوئے زراعت، تعلیم اور سیاحت کی ترقی کے ساتھ ہی خواتین، کسانوں، سرکاری ملازمین اور طلبا و طالبات کیلئے نو اعلانات کئے۔ انہوں نے کہا کہ بہار زرعی یونیورسٹی سبور کے تحت تین کالجوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ سبور میں زرعی بایو ٹیکنالوجی کالج، بھوجپور میں جدید زرعی انجینئرنگ کالج اور پٹنہ میں کالج آف زرعی بزنس مینجمنٹ کا قیام ہوگا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسی طرح ریاست کے کسانوں کو زرعی پیدوار کیلئے بازار کی سہولیات مہیا کرانے کے مقصد سے تمام زرعی بازار کمیٹیوں کی تجدید اور فروغ مرحلہ وار طریقے سے کی جائے گی۔ یہاں پر اناج، پھل، سبزی اور مچھلی کا الگ الگ بازار کا نظم اور اسٹوریج کی سہولیات وغیرہ سے متعلق کام کرائے جائیں گے۔ اس پر لگ بھگ 2700 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔

بہار حکومت طلبا ۔ طالبات کیلئے فیملی انکم کی حد ڈھائی لاکھ سے بڑھا کر تین لاکھ روپے کرے گی

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کے لئے درج فہرست ذات ۔ قبائل اور پسماندہ طبقہ کے طلبا ۔ طالبات کیلئے فیملی انکم کی حد مرکزی حکومت نے ڈھائی لاکھ روپے مقرر کی ہے۔ بہار حکومت اب درج فہرست ذات ۔ قبائل اور انتہائی پسماندہ طبقہ کے طلبا ۔ طالبات کیلئے فیملی انکم کی حد ڈھائی لاکھ سے بڑھا کر تین لاکھ روپے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بڑھی ہوئی فیملی انکم حد کی وجہ سے ہونے والے اضافی اخراجات کو بہار حکومت برداشت کرے گی۔

مسٹر کمار نے کہا کہ اسکولی تعلیم کے فروغ اور معیار میں سدھار کیلئے اسکولی سطح پر ماہر اور موثر قیادت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کیلئے محکمہ تعلیم کے تحت پرائمری اسکولوں میں ہیڈ ٹیچر کا کیڈر اور ہائی اسکولوں میں ہیڈ ماسٹر کے کیڈر کی تشکیل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہیڈ ٹیچر اور ہیڈ ماسٹر کے عہدے پر تقرری مقابلہ جاتی امتحانات کے توسط سے کرائیں جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرز پر ریاستی حکومت کے افسران، ملازمین اور پنشن ہولڈروں کو یکم جولائی 2021 سے مہنگائی بھتہ کی شرح 11 فیصد سے بڑھاتے ہوئے 17 فیصد کے مقام پر 28 فیصد کئے جانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے متعلق حکم محکمہ مالیات جاری کرے گا۔