حکومت بنگال کا چند رعایتوں کے ساتھ لاک ڈاؤن کی مدت میں 15 جولائی تک توسیع کا اعلان

حکومت بنگال نے لاک ڈاؤن کی مدت میں 15 دن کی توسیع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کچھ امور میں راحت دی جائے گی۔ یکم جولائی سے سرکاری اور پرائیویٹ بسوں کو 50 فیصد مسافروں کے ساتھ چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔

کلکتہ: مغربی بنگال حکومت نے بنگال میں لاک ڈاؤن کی مدت میں 15 دن کی توسیع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کچھ امور میں راحت دی جائے گی۔ مگر چوں کہ کورونا کا قہر ابھی مکمل طور پر قابو میں نہیں آیا ہے اس لئے لاک ڈاؤن مکمل طور پر ختم نہیں کیا جارہا ہے۔

وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ لوکل ٹرینیں چلانے کے حالات پیدا نہیں ہوئے ہیں۔ تاہم یکم جولائی سے سرکاری اور پرائیویٹ بسوں کو 50 فیصد مسافروں کے ساتھ چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔ مگر ڈرائیوروں اور کنڈکٹروں کو ویکیسن لگانا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ مسافروں کو ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ اسی کے ساتھ ہی ریاستی حکومت نے آٹو مکمل طور پر چلانے کی بھی اجازت دے دی ہے۔

اس کے علاوہ مچھلی اور سبزی منڈی کھولنے کے وقت میں توسیع کردی گئی ہے۔ بازار یکم جولائی سے صبح 6 بجے سے دوپہر 12 بجے تک کھلے رہیں گے۔ دیگر تمام دکانیں صبح 11 بجے سے رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی۔

وزیر اعلی نے کہا، جم، سیلون اور بیوٹی پارلر بھی یکم جولائی سے کھولنے کی اجازت ہوگی۔ صبح 11 بجے سے شام چھ بجے تک 50 فیصد ورک فورسیس کے ساتھ کھولنے کی اجازت ہوگی۔ مگر سبھی اسٹاف اور کسٹمر کے لئے کورونا ویکسین لینا ضروری ہوگا۔ سرکاری و پرائیوٹ دفاتر کو بھی 50 فیصد ورک فورسیس کے ساتھ کھلنے کی اجازت ہوگی۔

وزیر اعلی نے کہا کہ ریاست میں کورونا میں صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے۔ مگر ابھی کچھ رعایتوں کے ساتھ لاک ڈاؤن جاری رہے گا۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ بغیر کسی ضروری کام سے کوئی رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک نہ نکلے۔ بینک صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کھلے رہیں گے۔