عدالت کی ہدایت کے مطابق سروے سے وابستہ خفیہ رپورٹ عدالت میں پیش کی جانی ہے۔ عدالت 17 مئی کو اس معاملے میں سماعت کرے گی
وارانسی: اترپردیش کے ضلع وارانسی میں واقع گیان واپی مسجد کے تہہ خانوں اور دیگر حصوں کی ویڈیو گرافی سروے کا کام ہفتہ کو ہوا۔
ہندو اور مسلم فریق کے وکیلوں کے مطابق پہلے سے طے شدہ وقت کے مطابق صبح 8 بجے سے 12 بجے تک سروے کا نصف کام مکمل کرلیا گیا۔ بقیہ کام اتوار کو ہوگا۔ ہفتہ کے سروے میں عدالت کے ذریعہ نامزد ایڈوکیٹ کمشنر کی قیادت میں سروے ٹیم مسجد میں واقع چار تہہ خانوں میں گئی۔ ان میں سے کچھ تہہ خانے مسجد انتظامیہ کے قبضے میں ہیں جبکہ دیگر کاشی وشوناتھ مندر کے نیاس پریوار کے قبضے میں ہیں۔ نیاس پریوار گذشتہ کئی سالوں سے اپنے تہہ خانوں میں داخل نہیں ہوسکتا تھا۔
سروے ٹیم کے مطابق اتوار کو مسجد کے اوپری حصے کی ویڈیو گرافی سروے ہوگا۔ دونوں فریقین کے وکیلوں نے آج کے سروے کے بارے میں کوئی بھی جانکاری دینے سے انکار کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ عدالت کی ہدایت کے مطابق سروے سے وابستہ خفیہ رپورٹ عدالت میں پیش کی جانی ہے۔ عدالت 17 مئی کو اس معاملے میں سماعت کرے گی۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق متعلقہ فریقین نے سروے کے کام میں پورا تعاون کیا اور کاروائی پرامن طریقے سے انجام پذیر ہوئی۔ سروے کے دوران گیان واپی مسجد، کاشی وشوناتھ دھام احاطے اور آس پاس پختہ انتظامات کئے گئے تھے۔