پنجاب کے لوگوں کے لئے اگلے پانچ سال میں 10 سال کی خدمت کریں گے: جرنیل سنگھ

آپ کے پنجاب انچارج جرنیل سنگھ نے کہا یہ جتنی بڑی جیت ہے، ہمارے لئے یہ اتنی ہی بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ پنجاب کے لوگوں کو عام آدمی پارٹی کو ووٹ دینے پر فخر محسوس ہو، ہماری پارٹی ایسا کرکے دکھائے گی

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (آپ) کے پنجاب انچارج جرنیل سنگھ نے ریاست کے عوام کو اسمبلی انتخابات میں زبردست اکثریت دینے کے لئے شکریہ ادا کرتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ ان کی پارٹی پنجاب کے لوگوں کے لئے اگلے پانچ سال میں دس سال کی خدمت کرکے دکھائے گی۔

مسٹر سنگھ نے جمعرات کو کہا، ’’آج پنجاب کے لوگوں کی جیت ہوئی ہے۔ پنجاب نے تبدیلی کا من بنایا تھا۔ وہ کانگریس حکومت سے اکتا چکے تھے، اس لئے انہوں نے عام آدمی پارٹی پر بھروسہ ظاہر کیا۔ یہ جتنی بڑی جیت ہے، ہمارے لئے یہ اتنی ہی بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ پنجاب کے لوگوں کو عام آدمی پارٹی کو ووٹ دینے پر فخر محسوس ہو، ہماری پارٹی ایسا کرکے دکھائے گی۔‘‘

پنجاب کے لوگوں نے پرانے رہنماؤں کی چھٹی کی

پنجاب میں اتنا بڑا مینڈیٹ ملنے کے پیچھے سب سے بڑی بنیاد کے بارے میں پوچھے جانے پر مسٹر سنگھ نے کہا، ’’اگر آپ نتیجے دیکھیں گے تو بڑے بڑے دھرندھر رہنماؤں کو لوگوں نے مسترد کردیا۔ اس کا مطلب ہے کہ لوگ ان سے اکتا چکے تھے۔ کئی بار انہیں آزما چکے تھے، لیکن یہ رہنما پنجاب کو بہتر کرنے کے بجائے صرف بربادی کی طرف لے کر گئے ہیں۔ لوگوں نے پرانے رہنماؤں کے پرفارمنس کو دیکھ کر ان کی چھٹی کی ہے اور عام آدمی پارٹی پر بھروسہ ظاہر کیا ہے۔پنجاب کے لوگوں نے دیکھا کہ آپ پارٹی نے دہلی میں بھی عام لوگوں کو موقع دیا اور دہلی کی حکومت نے عوام کے حق میں کام کئے۔‘‘

آپ کے پنجاب انچارج اور دہلی کی تلک نگر سیٹ سے رکن اسمبلی نے کہا، ’’ایک موقع دینا اسی کیجریوال کو‘ یہ نعرہ پارٹی کے ذریعہ نہیں، بلکہ لوگوں کے ذریعہ بنایا گیا تھا۔ بے روزگاری، مافیہ راج یا بے ادبی کانڈ کے قصورواروں کو سزا دلانے جیسے پنجاب کے جتنے بھی بڑے مسئلے ہیں، ان پر سب سے پہلے کام شروع کریں گے۔ پھر اس کے بعد گارنٹیوں کو پورا کریں گے، جتنا کہا تھا اس سے زیادہ ہی کرکے دیں گے۔ ہم پانچ سال بعد اپنے کام دکھا کر ووٹ مانگیں گے۔‘‘