مہاراشٹر کی سیاست میں ڈرامائی پیش رفت کے درمیان جمعرات کو شیوسینا کے باغی دھڑے کے لیڈر ایکناتھ شندے نے بی جے پی کی حمایت سے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا
ممبئی: مہاراشٹر کی سیاست میں ڈرامائی پیش رفت کے درمیان جمعرات کو شیوسینا کے باغی دھڑے کے لیڈر ایکناتھ شندے نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حمایت سے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا اور خود حکومت میں شامل نہ ہونے کے اعلان کے چند گھنٹوں کے اندر ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر اور سابق وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے نائب وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا۔
گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے راج بھون میں شام 7.30 بجے منعقدہ ایک تقریب میں مسٹر شندے اور مسٹر فڑنویس کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔
مسٹر شندے آج ہی گوا سے واپس آئے تھے اور مسٹر فڑنویس کے ساتھ گورنر سے ملاقات کی تھی اور حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا اور اس کے فوراً بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں مسٹر فڑنویس نے مسٹر شندے کو وزیر اعلیٰ بنانے پر رضامندی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ خود حکومت میں شامل نہیں ہوں گے لیکن وزیر اعلیٰ اور ان کی حکومت کے کاموں میں مکمل تعاون کریں گے۔
ان کے بیان کے بعد پارٹی صدر جگت پرکاش نڈا نے دہلی میں کہا کہ مسٹر فڑنویس کو حکومت میں شامل ہونا چاہئے۔ مسٹر نڈا نے بتایا کہ پارٹی نے مسٹر فڑنویس کو نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے کی ہدایت دی ہے۔
بی جے پی کے سابق صدر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ٹویٹر پر کہا، "بی جے پی صدر جے پی نڈا جی کے کہنے پر مسٹر دیویندر فڑنویس جی نے بڑا دل دکھایا ہے اور ریاست مہاراشٹر اور عوام کے مفاد میں حکومت میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
شاہ کی مبارکبادی
مسٹر شاہ نے کہا، ’’ مسٹر فڑنویس کا یہ فیصلہ مہاراشٹر کے تئیں ان کی حقیقی وفاداری اور خدمت کا عکاس ہے۔ اس کے لیے میں انہیں تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔”
مسٹر کوشیاری نے انہیں آج شام حلف لینے کی دعوت دی تھی۔ قابل غور ہے کہ مسٹر شندے شیوسینا سے بغاوت کرنے کے بعد پارٹی کے 39 ایم ایل ایز کے ساتھ تقریباً ایک ہفتے سے آسام کی راجدھانی گوہاٹی کے ایک ہوٹل میں ڈیرے ڈالے ہوئے تھے۔ اس سے پہلے وہ گجرات کے سورت میں کچھ باغی ایم ایل اے کے ساتھ ٹھہرے تھے۔ یہ ایم ایل اے کل رات گوہاٹی سے گوا آئے تھے۔
وزیر اعظم نریندر مودی، مسٹر شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور دیگر قائدین نے مسٹر شندے اور مسٹر فڑنویس کو ان کی نئی ذمہ داری کے لئے نیک خواہشات اور مبارکباد پیش کی ہے۔