"آپ کی مشکلات سے پوری دنیا واقف ہے، مگر…” بی ایس ایف افسر بنگلہ دیشی عوام کو سمجھاتا نظر آیا، ویڈیو وائرل

شیوسینا کے رہنما ملند دیوڑا نے ہندوستان-بنگلہ دیش سرحد پر بی ایس ایف افسران کا ایک ویڈیو شیئر کیا ہے، جس میں ایک افسر سرحد پر جمع لوگوں کو سمجھاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں کہ انہیں سرحد پار کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ شدید بحران کے دوران افسر کے تحمل اور نرم رویے کو انٹرنیٹ پر بڑے پیمانے پر سراہا جا رہا ہے۔ ‘انڈین ایکسپریس’ کے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے دیوڑا نے کہا کہ "دل دہلا دینے والے حالات کے باوجود یہ جان کر اطمینان ہوتا ہے کہ حکومت ہندوستان کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پُرعزم ہے۔”

ویڈیو میں، جسے مغربی بنگال کے کوچ بہار کا بتایا جا رہا ہے، بی ایس ایف کے افسران ایک گروپ سے بات کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد بنگلہ دیش کے شہری تشدد اور آتش زنی کے باعث فرار ہو رہے ہیں۔ بنگلہ دیش میں اقلیتی برادری کے ہندوؤں کے گھروں اور کاروبار پر مبینہ حملوں کے بعد احتجاج جاری ہے۔ سیکڑوں لوگ سرحد پر ایک ندی میں کمر تک گہرے پانی میں انتظار کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں ایک بی ایس ایف افسر کو بنگالی زبان میں لوگوں سے خطاب کرتے سنا جا سکتا ہے۔

وہ کہتے ہیں، "میری بات سنو، جو میں کہہ رہا ہوں اسے غور سے سنو… ہم سب جانتے ہیں کہ آپ کن مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ پوری دنیا واقف ہے، لیکن مسائل کا حل بات چیت میں ہے، اس طرح نہیں۔ براہ کرم میری بات سنو، شور مچانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔”