بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ اگلے 48 گھنٹوں کے اندر ہندوستان چھوڑ کر بیرون ملک جانے کا امکان ہے۔ سینئر ذرائع کے مطابق شیخ حسینہ ہندوستان چھوڑنے کے بعد یوروپ جا سکتی ہیں، حالانکہ اس معاملے میں کوئی باقاعدہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ خود مستقبل کی حکمت عملی تیار کر رہی ہیں اور تمام رسمی کارروائیاں مکمل کی جا رہی ہیں۔
چونکہ یہ معاملہ انتہائی حساس ہے، اس لیے ہندوستان سے یوروپ جانے کی خبروں کو خفیہ رکھا گیا ہے۔ یہ نہیں بتایا جا رہا ہے کہ وہ یوروپ کے کس ملک کے لیے روانہ ہونے والی ہیں۔ ہندوستانی خفیہ ایجنسی اور تفتیشی ادارے سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے منگل کی صبح خبر آئی تھی کہ سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ اپنی بہن ریحانہ کے ساتھ عارضی پناہ لینے کے لیے ہندوستان سے لندن جا سکتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق شیخ حسینہ نے لندن جانے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ ان کی بہن ریحانہ کی بیٹی ٹیولپ صدیق برطانوی پارلیمنٹ کی رکن ہیں اور وزارت خزانہ میں اکنامک سیکرٹری کے طور پر کام کر رہی ہیں۔ لیکن اس معاملے کی معلومات سامنے آنے کے بعد برطانوی حکومت نے گرین سگنل نہیں دیا۔ حکومتی ذرائع نے عندیہ دیا ہے کہ برطانیہ میں قانونی تحفظ فراہم نہیں کیا جا سکتا۔ اس لیے شیخ حسینہ دیگر آپشنز کی تلاش میں ہیں۔