ڈی آر ڈی او نے نئی نسل کی ’آکاش میزائل‘ کا کیا کامیاب تجربہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے دی مبارکباد
بھارتی دفاع تحقیق و ترقی تنظیم (ڈی آر ڈی او) نے آج اڈیشہ کے انٹگریٹیڈ ٹیسٹنگ رینج، چاندی پور سے نئی نسل کی آکاش میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔ یہ تجربہ صبح 10.30 بجے کیا گیا۔
ٹیسٹنگ میں ایک بہت کم اونچائی پر تیز رفتار والے نان ہیومن ہوائی ہدف کو نشانہ بنایا گیا۔ ہتھیار سسٹم کے ذریعہ ہدف کو کامیابی کے ساتھ روک کر تباہ کر دیا گیا۔
اس تجربہ کے دوران پورے آکاش میزائل سسٹم کی صلاحیت کی ٹیسٹنگ ہوئی۔ میزائل سسٹم کے آر ایف سیکر، لانچر، ملٹی فنکشن رڈار اور کمانڈ، کنٹرول اور کمیونکیشن سسٹم کی بھی ٹیسٹنگ کی گئی۔
انٹگریٹیڈ ٹیسٹ رینج، چاندی پور میں لگے رڈارس، ٹیلی میٹری اور الیکٹرو آپٹیکل ٹریکنگ سسٹم سے جو ڈاٹا اکٹھا ہوا، اس سے بھی نئی نسل کے آکاش میزائل سسٹم کی صلاحیت کی ٹیسٹنگ کامیاب رہی۔
ڈی آر ڈی او کے ساتھ ہی ہندوستانی فضائیہ کے افسران کی موجودگی میں یہ تجربہ کیا گیا۔
مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے نئی نسل کی آکاش میزائل کے کامیاب تجربہ کے لیے ڈی آر ڈی او، ہندوستانی فضائیہ، بی ڈی ایل اور بی ای ایل جیسی سرکاری کمپنیوں کو مبارکباد پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ اس میزائل کے کامیاب تجربہ سے ہماری ہوائی سیکورٹی کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ آکاش میزائل زمین سے ہوا میں مار کرنے والی میزائل ہے۔ یہ کم رینج کی میزائل ہے جو ہوائی خطروں کو پہچاننے اور انھیں تباہ کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔ نئی نسل کا آکاش میزائل سسٹم آٹونومس موڈ پر ایک وقت میں کئی ہدف کو نشانہ بنانے میں اہل ہے۔ اس میزائل سسٹم کو الیکٹرانک کاؤنٹر-کاؤنٹر میزرس کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔ اسے ہندوستانی فضائیہ کے ساتھ ہی ہندوستانی بری فوج کے لیے تیار کیا گیا ہے۔