شہر کے داخلی دروازوں پر سکیورٹی بڑھا دی گئی
فور وہیلر اور دو پہیہ گاڑیوں کی تلاشی لی جا رہی ہے
رام مندر احاطے کے ارد گرد پولیس کی بھاری نفری تعینات
بابری انہدام کی 31 ویں برسی پر ایودھیا کو قلعے میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ شہر کے داخلی دروازوں پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ فور وہیلر اور دو پہیہ گاڑیوں کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ زیر تعمیر رام مندر احاطے کے ارد گرد پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کر دی گئی ۔ رپورٹ کے مطابق یہ تمام انتظامات کسی بھی قسم کی مشتبہ سرگرمیوں سے روکنے کے لیے کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یوپی پولیس کو کچھ انٹیلی جنس اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد بیریئر پر تعینات سکیورٹی فورسز کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اگلے سال جنوری میں رام للا کے مجسمہ کی تنصیب کے حوالہ سے بھی ایودھیا میں حفاظتی حصار سخت کر دیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایودھیا میں واقع بابری مسجد کو ہندوتوا حامیوں کے ہجوم کی جانب سے 6 دسمبر 1992 کو منہدم کر دیا گیا تھا ۔ جس کے بعد سے مسجد کو منہدم کرنے والے اور ان کے حامی 6 دسمبر کو شوریہ دیوس (یوم بہادری ) کے طور پر مناتے ہیں جبکہ مسلم طبقہ اس دن کو ’یوم غم ‘ کے طور پر مناتا ہے ۔ تاہم اس بار ہندو ؤں اور مسلمانوں نے دونوں طرح کے پروگراموں پر پابندی لگا دی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اب سپریم کورٹ کے فیصلے کے حوالے سے کسی قسم کی تقریب منعقد نہیں کی جائے گی۔
بابری انہدام کی برسی پر متھرا اور کاشی میں بھی ہائی الرٹ ہے۔ ہندو تنظیموں کی جانب سے 6 دسمبر کو شاہی عیدگاہ میں لڈو گوپال کی پوجا کرنے کے اعلان کے بعد متھرا میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ پورے احاطے کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ دوسری جانب وارانسی میں بھی پولیس چوکس ہے۔