راجستھان: ووٹنگ کے درمیان فتح پور شیخاوٹی میں کشیدگی، دو گروپ کے درمیان پتھراؤ

راجستھان میں اسمبلی انتخاب کے لیے ووٹنگ کے درمیان سیکر کے فتح پور شیخاوٹی میں دو گروپوں کے درمیان تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بوچیوال بھون کے پیچھے واقع محلے میں دو گروپوں میں کشیدگی کے بعد پتھربازی ہوئی ہے۔ واقعہ کی جانکاری ملنے کے بعد کثیر تعداد میں پولیس فورس جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے۔

پتھراؤ کی وجہ سے پورے محلے میں کشیدگی کی حالت بنی ہوئی ہے۔ اس واقعہ کے سبب کچھ دیر کے لیے ووٹنگ کا عمل بھی متاثر ہوا، لیکن جلد ہی حالات کو قابو میں کر لیا گیا۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے محلے میں پولیس فورس کی تعیناتی کر دی گئی ہے۔ پولیس کے کئی بڑے افسران بھی موقع پر موجود ہیں۔

موصولہ اطلاع کے مطابق بوچیوال بھون پولنگ بوتھ پر فرضی ووٹنگ کو لے کر پہلے دو فریقین میں تنازعہ شروع ہوا۔ اس کے بعد کانگریس امیدوار حاکم علی خاں و آزاد امیدوار مدھوسودن بھنڈا کے حامی آمنے سامنے آ گئے اور ایک دوسرے پر پتھراؤ کرنے لگے۔ دونوں فریقین میں تقریباً نصف گھنٹے تک پتھراؤ ہوتا رہا۔ اس درمیان کئی لوگوں کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔