غزہ پر اسرائیلی بمباری، گھروں پر حملے جاری

غزہ: اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی دوسرے ہفتے میں جاری ہے، غزہ پر مسلسل اسرائیلی بمباری اور گھروں اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں مزید فلسطینیوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ جمعرات کو غزہ کے جنوب میں وسطی خان یونس میں ایک مکان پر بمباری کے نتیجے میں 8 افراد جان سے گئے اور درجنوں زخمی ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ گھر ایک گنجان آباد محلے میں واقع ہے۔ اس سے پہلے فلسطینی ٹیلی ویژن نے کہا تھا کہ شمالی غزہ کی پٹی میں جبالیہ کیمپ میں ایک مکان پر اسرائیلی بمباری میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ ٹیلی ویژن نے مرنے اور زخمی ہونے والوں کی تعداد نہیں بتائی۔

یہ بات ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب فلسطینی میڈیا نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز غزہ میں دیر البلح میں 3 ٹاوروں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دے رہی ہیں۔ مکینوں کو فوری طورپر وہاں سے نکلنے کی دھمکی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فورسز نے دیر البلح میں مدینۃ الزہرہ کے ایک ٹاور پر انتباہی میزائل داغا تاکہ اسے تباہ کرنے کی تیاری کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے انتباہی میزائل نے دوسرے ٹاور کو نشانہ بنایا جس میں رہائشی اپارٹمنٹس کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔

فلسطینی میڈیا نے کل شام بدھ کو رات گئے اطلاع دی ہے کہ غزہ کے جنوب میں واقع شہر رفح کے مغرب میں اسرائیلی بمباری میں 13 شہری مارے گئے جب کہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ فلسطینی میڈیا نے بتایا کہ بمباری میں ایک خاندان کے گھر کو نشانہ بنایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع جبالیہ کیمپ کے انڈونیشیا کے ہسپتال میں پانچ افراد مارے گئےاور 12 زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب فلسطینی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے مختلف علاقوں میں حملوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ پٹی کے جنوبی علاقے خان یونس میں ایک مکان کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 9 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ اسرائیل غزہ کی پٹی پر 7 اکتوبر کو حماس کی جانب سے شروع کیے گئے حملے کے جواب میں زمینی حملے کی تیاری کر رہا ہے۔ اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں اب تک غزہ میں تین ہزار سے زاید افراد مارے جا چکے ہیں جب کہ ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہیں۔