نئی دہلی: سپریم کورٹ نے مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں دہلی کے سابق وزیر ستیندر جین کی ضمانت میں 6 نومبر تک توسیع کر دی ہے۔ سپریم کورٹ نے 10 اکتوبر کے اپنے حکم میں ستیندر جین کو عبوری ضمانت دی تھی، جس میں اب 6 نومبر کو اگلی سماعت تک توسیع کی گئی ہے۔
ستیندر جین کو مئی میں کئی شرائط کے ساتھ طبی بنیادوں پر چھ ہفتوں کے لیے عبوری ضمانت دی گئی تھی، جس میں میڈیا سے بات کرنے اور بغیر اجازت کے دہلی چھوڑنے پر پابندی بھی شامل ہے۔ معاملہ 6 نومبر 2023 کو سہ پہر 03:00 بجے جسٹس اے ایس بوپنا اور جسٹس بیلا ایم ترویدی کی بنچ کے سامنے فہرست بند کیا جائے گا۔
وہیں، پہلے دی گئی عبوری ضمانت کو سماعت کی اگلی تاریخ یعنی 6 نومبر 2023 تک بڑھا دیا گیا ہے۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے عدالت کو بتایا تھا کہ جین کا علاج حراست میں بھی کیا جا سکتا ہے۔ قبل ازیں سپریم کورٹ نے طبی بنیادوں پر جین کو دی گئی ضمانت میں 8 اکتوبر تک توسیع کر دی تھی۔ جین کی 21 جولائی کو سرجری ہوئی تھی۔
عآپ لیڈر نے منی لانڈرنگ کے معاملات میں ای ڈی کے ذریعہ ضمانت کے لئے سپریم کورٹ کا رخ کیا تھا، جس میں ان کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کرنے کے دہلی ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کیا گیا تھا۔ اپریل میں، دہلی ہائی کورٹ نے عآپ لیڈر ستیندر جین کی ضمانت کی عرضی کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا تھا کہ درخواست گزار ایک بااثر شخص ہے اور ثبوت کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر سکتا ہے۔