حیدرآباد: کانگریس لیڈر راہل گاندھی تلنگانہ میں پارٹی کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ تلنگانہ کے بھوپال پلی سے پنور گاؤں تک کانگریس کی انتخابی مہم کے دوران لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے راہل نے بی جے پی، بی آر ایس اور اے آئی ایم آئی ایم کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ’’وزیر اعلیٰ کے سی آر انتخابات ہارنے والے ہیں۔ یہ لڑائی بادشاہ اور عوام کی لڑائی ہے۔ آپ تلنگانہ میں عوام کی حکمرانی چاہتے تھے لیکن یہاں صرف ایک خاندان کی حکومت ہے۔‘‘
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل نے کہا کہ تلنگانہ میں صرف ایک خاندان کی حکومت ہے۔ وزیراعلیٰ کو عوام سے کوئی سروکار نہیں۔ ملک میں بدعنوانی کی سب سے زیادہ سطح تلنگانہ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی، بی آر ایس اور ایم آئی ایم، تینوں ایک ساتھ ہیں۔ سی بی آئی یا ای ڈی تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے پیچھے کیوں نہیں جاتی؟ ای ڈی کو لے کر ان دنوں ملک میں کافی سیاست چل رہی ہے۔ کانگریس سمیت اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ ای ڈی کو جان بوجھ کر اپوزیشن لیڈروں کے پیچھے لگایا جا رہا ہے۔
دریں اثنا، راہل گاندھی نے ذات پر مبنی مردم شماری کا مسئلہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا ’’ملک میں سب سے اہم مسئلہ ذات پر مبنی مردم شماری کا ہے، جس سے معلوم چلے گا ہ ملک میں کتنے دلت، او بی سی، قبائلی اور عام زمرے کے لوگ ہیں اور کس کی کتنی شراکت داری ہے۔‘‘ انہوں نے ہکا کہ یہ ایکس رے کی طرح ہے اور اس سے معلوم ہوگا ملک کی دولت کس طرح تقسیم کی جا رہی ہے۔