نئی دہلی: دہلی اور قومی راجدھانی خطہ میں جمعہ کی صبح سے چل رہی ٹھنڈی ہوائیں اور اس کے بعد شروع ہونے والی رم جھم بارش نے گرمی سے پریشان لوگوں کو راحت فراہم کی ہے۔
گزشتہ دو دنوں سے لوگ بے موسمی گرمی کی زد میں تھے۔آج صبح موسم نے کروٹ بدلی اور قومی راجدھانی اور آس پاس کے علاقوں میں اندھیرا چھا گیا۔ چند لمحوں بعد تیز ہواؤں کے ساتھ بارش شروع ہو گئی۔ رم جھم بارش کے دوران لوگ چھتری اور رین کوٹ پہنے اپنے روزمرہ کے معمولات پر جاتے ہوئے نظر آئے۔
محکمہ موسمیات نے آج دن بھر موسم ابر آلود رہنے اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ نے کہا ہے کہ آئندہ چند روز تک مطلع ابر آلود رہے گا اور بوندا باندی کی وجہ سے درجہ حرارت میں زیادہ اضافے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم از کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔