مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے 13 ستمبر کو دبئی ہوائی اڈے پر سری لنکائی صدر رانیل وکرماسنگھے سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات اچانک ہوئی اور دونوں ہی لیڈران ایک دوسرے کو ایئرپورٹ پر دیکھ کر حیران ہوئے۔ پھر دونوں کے درمیان کچھ دلچسپ باتیں ہوئیں۔ وکرماسنگھے نے ممتا بنرجی سے سوال کیا کہ کیا وہ انڈیا اتحاد کی قیادت کریں گی؟ اس پر ممتا نے جواب دیا ’’یہ تو عوام پر منحصر کرتا ہے۔‘‘
دراصل ممتا بنرجی دبئی اور اسپین کے 12 روزہ دورے پر ہیں۔ ممتا بنرجی منگل کی صبح دبئی اور اسپین کے دورے پر روانہ ہوئی تھیں۔ اس دوران وہ ریاست میں سرمایہ کاری کے لیے کاروباری اجلاس میں شریک ہوں گی۔ اس درمیان منگل کی شام وہ دبئی پہنچیں۔ بدھ کی صبح وہ اسپین کے لیے پرواز بھرنے کے مقصد سے دبئی ہوائی اڈے پر پہنچیں۔ اسی دوران ان کی سری لنکائی صدر سے اچانک ملاقات ہو گئی۔
ممتا بنرجی نے اپنے ایکس ہینڈل پر اس ملاقات کے تعلق سے بتایا کہ ’’وکرماسنگھے نے مجھے ہوائی اڈے کے لاؤنج میں دیکھا۔ اس کے بعد انھوں نے مجھے کچھ بات چیت کے لیے بلایا۔ میں ان کے خیر مقدم سے حیران ہو گئی ہوں۔ میں نے انھیں کولکاتا میں بنگال گلوبل بزنس سمٹ 2023 کے لیے مدعو بھی کیا ہے۔‘‘ ممتا نے یہ بھی جانکاری دی کہ وکرماسنگھے نے انھیں سری لنکا دورہ کے لیے بھی مدعو کیا ہے۔