اجیت پوار گروپ والے این سی پی (نیشلسٹ کانگریس پارٹی) کو ایک بڑا جھٹکا لگا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور دیگر کی قیادت والی الگ ہوئی این سی پی کے ’ایکس ہینڈل‘ کو ایک عشرہ سے زیادہ وقت کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی لیڈران نے ہی جانکاری دی ہے۔ دراصل ’ایکس‘ پر جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق @NCPSpeaks1 اکاؤنٹ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ حالانکہ اس کے لیے کوئی تفصیل نہیں دی گئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ شرد پوار کی قیادت والی این سی پی نے اپنے آفیشیل ایکس اکاؤنٹ (@NCPspeaks) سے مبینہ طور پر ایک شکایت کی تھی کہ اجیت پوار گروپ کا ایکس اکاؤنٹ (@NCPSpeaks1) اس کے اپنے آفیشیل اکاؤنٹ کے یکساں تھا۔ حالانکہ اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایکس اکاؤنٹ بدھ کو بحال ہونے کا امکان ہے۔