جی-20 اجلاس کے دوران 112 موضوعات پر ہوئی گفتگو، 73 پر اتفاق قائم!

ہندوستان کی راجدھانی دہلی واقع پرگتی میدان کے ’بھارت منڈپم‘ میں دو روزہ جی-20 اجلاس کا آج پہلا دن انتہائی کامیاب رہا۔ ہفتہ کے روز کئی اہم موضوعات پر گفتگو ہوئی اور اس درمیان نئی دہلی اعلامیہ کو سبھی رکن ممالک کی منظوری بھی مل گئی۔ ہندوستان کی صدارت میں ہوئی جی-20 کی میٹنگوں میں 73 ایسے معاملے رہے جو دنیا کے موجودہ مسائل سے جڑے تھے۔ ان کا حل نکالنے پر سبھی کا اتفاق قائم ہو گیا ہے۔ اس میں فوڈ سیکورٹی اور غذائیت، اوسیان معیشت، سیاحت، لینڈ ریسٹوریشن اور ایم ایس ایم ای سیکٹر شامل ہیں۔ 73 معاملوں کے علاوہ 39 ایسے معاملے بھی تھے جن پر ضروری دستاویزات کے ساتھ اتفاق قائم کرنے پر تبادلہ خیال ہوا۔ یعنی مجموعی طور پر آج 112 موضوعات پر گفتگو ہوئی۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل جب 2022 میں انڈونیشا نے جی 20 اجلاس کی میزبانی کی تھی تو 50 موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔ علاوہ ازیں 2021 کے اٹلی اجلاس میں 65 اور 2020 کے سعودی عرب اجلاس میں 30 عالمی معاملات کو ایڈریس کیا گیا تھا۔ اس طرح دیکھا جائے تو ہندوستان میں زیر گفتگو آنے والے 112 معاملات اور پہلے ہی دن 73 معاملوں پر اتفاق قائم ہونا بہت بڑی کامیابی ہے۔

نئی دہلی اعلامیہ پر جی-20 ممالک کا اتفاق قائم ہونا بھی بہت اہم ہے۔ پی ایم مودی نے نئی دہلی اعلامیہ کی منظوری کو تاریخی قرار دیا اور ایکس پر کیے گئے ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’جی-20 کے اعلان کو تاریخ کے موافق بنایا گیا ہے۔ عقیدہ اور جذبہ سے متحد ہو کر ہم بہتر مستقبل کے لیے معاون طور سے کام کرنے کا عزم لیتے ہیں۔‘‘