ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے عظیم کپتانوں میں شمار مہندر سنگھ دھونی کھیل میں صرف کرکٹ سے ہی محبت نہیں رکھتے ہیں، بلکہ فٹ بال اور کچھ دیگر کھیلوں میں بھی ان کی دلچسپی ہے۔ اس کا ثبوت یہ ہے کہ چنئی سپر کنگز کے کپتان حال ہی میں یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں کارلوس الکاراج کا میچ دیکھنے پہنچے تھے، اور تازہ خبر یہ ہے کہ وہ امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ گولف کھیلتے ہوئے اسپاٹ کیے گئے ہیں۔
دراصل مہندر سنگھ دھونی کی ایک تصویر امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔ چونکہ ان دنوں دھونی امریکہ میں ہیں اس لیے تصویر پر یقین کرنے میں کوئی مضائقہ معلوم نہیں ہوتا۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ ہندوستان کے سابق کرکٹ کپتان کو سابق امریکی صدر ٹرمپ نے نیشنل گولف کلب بیڈمنسٹر میں گولف کھیلنے کے لیے مدعو کیا تھا۔
دھونی سے قریبی تعلق رکھنے والے اور کاروباری ہتیش سانگھوی نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’دھونی، ڈنالڈ ٹرمپ اور راجیو نیک کے ساتھ گولف۔ ہماری میزبانی کے لیے شکریہ سابق صدر محترم۔‘‘ اپنی ایک انسٹاگرام اسٹوری میں سانگھوی نے ویڈیو بھی پوسٹ کیا ہے جس میں دھونی اور ٹرمپ دونوں کو ایک ساتھ گولف کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ دبئی واقع کاروباری سانگھوی ایم ایس دھونی کے ساتھ تھے اور انھوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ہندوستان کے سابق کپتان کے ساتھ کئی تصویریں شیئر کی ہیں۔