کانگریس کے سینئر لیڈر اجے کمار نے آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت حادثے کے ذمہ دار وزیر کو بچانے میں لگی ہوئی ہے اور دن بھر ٹی وی پر یہی خبریں سرخیوں کے طور پر چل رہی ہیں کہ یہ ٹرین حادثہ ایک سازش ہے یا نہیں
نئی دہلی: کانگریس نے بدھ کو بالاسور ٹرین حادثہ کے لئے حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ریل کی حفاظت میں لاپروائی کی تمام حدیں پار ہو گئی ہیں اس لئے ریلوے کے وزیر اشونی وشنو کے خلاف ایف آئی آر درج کی جانی چاہئے۔
کانگریس کے سینئر لیڈر اجے کمار نے آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت حادثے کے ذمہ دار وزیر کو بچانے میں لگی ہوئی ہے اور دن بھر ٹی وی پر یہی خبریں سرخیوں کے طور پر چل رہی ہیں کہ یہ ٹرین حادثہ ایک سازش ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹرین حادثہ میں سازش کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے اسے سرخی بنا کر اور حادثے کی سی بی آئی انکوائری کا اعلان کرکے توجہ ہٹانے کا کام کیا ہے۔ حکومت نے ریل حادثات کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے میں ہمالیائی لاپروائی کا مظاہرہ کیا اور اسی سنگین لاپروائی کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا، اس لیے حکومت حقیقت سے توجہ ہٹانے کی کوشش کرتی رہی۔
ڈاکٹر کمار نے کہا کہ حادثے سے متعلق سی بی آئی ایف آئی آر میں تخریب کاری یا سازش کا کوئی ذکر نہیں ہے، صرف لاپروائی کا ذکر ہے، لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی کے آئی ٹی سیل نے چاروں طرف افواہیں پھیلائیں کہ یہ ایک سازش تھی۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سی بی آئی کو اس معاملے کی جانچ کرنی چاہئے کہ مودی حکومت نے ٹریک کی مرمت اور نئے ٹریک بچھانے کے بجٹ کو 9607 کروڑ سے کم کر کے 7400 کروڑ کیوں کر دیا۔ انہیں بتانا چاہئے کہ جب پچھلے چار سالوں میں تقریباً 1100 بار ٹرین پٹری سے اتری ہے تو پھر ان معاملات میں سی بی آئی کی جانچ کیوں نہیں ہوئی؟
کانگریس لیڈر نے کہا کہ سی بی آئی کو انکوائری کرنی چاہئے اور یہ بھی بتانا چاہئے کہ نیشنل ریل سیفٹی فنڈ کی فنڈنگ میں تقریباً 80 فیصد کمی کیوں کی گئی ہے اور اس کی ایف آئی آر میں ریلوے کے وزیر کا نام کیوں نہیں لیا گیا ہے۔