کانگریس نے امت شاہ سمیت کئی بی جے پی لیڈروں کے خلاف مبینہ اشتعال انگیز تقریریں کرنے پر شکایت درج کرائی

کانگریس نے پولیس اور الیکشن کمیشن سے مسٹر شاہ اور دیگر لیڈروں کی نفرت انگیز تقریر کے لیے فوری طور پر ایف آئی آر درج کرنے کی اپیل کی ہے

بنگلور: کانگریس لیڈر رندیپ سنگھ سرجے والا اور کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار نے جمعرات کے روز مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دیگر لیڈروں کے خلاف ریاست میں اپنی حالیہ ریلی کے دوران منافرت پھیلانے اور اشتعال انگیز تقریریں کرنے کے سلسلے میں پولیس میں مقدمہ درج کرایا۔


کانگریس کے سرکردہ لیڈروں نے مسٹر امت شاہ کے خلاف ہائی گراؤنڈ تھانے میں شکایت درج کرائی ہے، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ بی جے پی لیڈر نے اپنی ریلی کے دوران اشتعال انگیز بیانات دیے ہیں، بدامنی اور نفرت پھیلایا ہے اور اپوزیشن کو بدنام کیا ہے۔ یہ شکایت 25 اپریل کے واقعہ کے حوالے سے ہے، جب مسٹر شاہ نے کئی دیگر بی جے پی لیڈروں کے ساتھ کرناٹک کے وجئے پورہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا تھا۔


شکایت میں کہا گیا ہے، "امت شاہ نے جھوٹے بیانات پر مبنی تقریر کی جس کا مقصد جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگا کر کانگریس کی شبیہ کو خراب کرنا تھا، جس کا مقصد لوگوں کی بھیڑ اور دیگر میڈیا پلیٹ فارم پر تقریر دیکھنے والے افراد میں فرقہ وارانہ تفریق پیدا کرنا تھا”۔ کانگریس نے پولیس سے مسٹر شاہ اور دیگر بی جے پی لیڈروں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 153، 505(2)، 171G اور 120B کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


کانگریس لیڈروں نے شکایت میں یہ بھی کہا ہے کہ مسٹر امت شاہ نے جان بوجھ کر کرناٹک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کے ارادے سے کانگریس اور اس کے سینئر لیڈروں کے خلاف کئی جھوٹے اور فرقہ وارانہ الزامات لگائے ہيں۔


شکایت میں کہا گیا ہے، "مسٹر امت شاہ نے یہ بیانات مخصوص طبقے یا برادری کے لوگوں کو دوسرے طبقے یا برادری کے خلاف جرم کرنے کے لیے اکسانے کے لیے دیے ہیں اور یہ تعزیرات ہند کی دفعہ 505 اور دیگر دفعات کے تحت قابل سزا جرم ہے۔”


کانگریس نے پولیس اور الیکشن کمیشن سے مسٹر شاہ اور دیگر لیڈروں کی نفرت انگیز تقریر کے لیے فوری طور پر ایف آئی آر درج کرنے کی اپیل کی ہے۔ شکایت کے ساتھ کانگریس نے مبینہ اشتعال انگیز تقریر کی ویڈیو کا لنک بھی منسلک کیا ہے۔