آئی ایم سی کے سربراہ مولانا توقیر رضا خان نے 15 مارچ کو دہلی کی جانب کوچ کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی اور محلہ سوداگران اور اس کے اطراف میں مولانا کی رہائش گاہ پر بڑی پولیس فورس تعینات کردی
بریلی: اتحاد ملت کونسل کے چیئرمین مولانا توقیر رضا نے ترنگا یاترا فی الحال ملتوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انتظامیہ کو اپنی بات ٹھیک سے نہیں سمجھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں اجازت ملی تو اب 15 لوگوں کے ساتھ 20 مارچ کو پر امن طریقے سے دہلی کی جانب کوچ کریں گے۔
آئی ایم سی کے سربراہ مولانا توقیر رضا خان نے 15 مارچ کو دہلی کی جانب کوچ کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی اور محلہ سوداگران اور اس کے اطراف میں مولانا کی رہائش گاہ پر بڑی پولیس فورس تعینات کردی۔ بدھ کی شام پولیس انتظامیہ کی موجودگی میں آئی ایم سی کے سربراہ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ انتظامیہ کو اپنی بات ٹھیک سے نہیں بتا سکے، اس لیے اب دہلی کی طرف 20 مارچ کو کوچ کریں گے ۔ دہلی تک ترنگا یاترا میں صرف 15 لوگوں کے ساتھ سفر کریں گے۔ اس کے لیے وہ انتظامیہ سے اجازت کی درخواست دیں گے۔ اگر اجازت مل گئی تو وہ صحیح وقت پر دہلی روانہ ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پر امن ترنگا یاترا نکالنے چاہتے تھے۔ نعرہ اور شور شرابہ کے بغیر وہ تو سڑک کے کنارے چل کر اپنا سفر طئے کرتے۔ مولانا اپنی ترنگا یاترا کو روکنے سے ناراض دکھائی دئیے۔ قابل ذکر ہے کہ مولانا توقیر رضا نے بدھ دوپہر ترنگا یاترا نکالنے کا اعلان کیا تھا۔ انتظامیہ نے ضلع میں دفعہ 144 کا حوالہ دیتے ہوئے مولانا کو نکلنے کی اجازت نہیں دی۔