اترپردیش: سرکاری اسکول میں ترانے میں ‘لب پے آتی ہے۔۔۔’ پڑھانے پر پرنسپل معطل

اترپردیش کے ایک سرکاری اسکول میں ‘لب پے آتی ہے دعا بن کے تمنا میری’ دعا پڑھانے کے معاملے میں ابتدائی جانچ کے بعد پرنسپل معطل، جبکہ شکچھا متر کے نام نوٹس جاری

بریلی: اترپردیش کے ضلع بریلی کے فرید پور علاقے میں واقع کمپوزٹ کملا نہرو اپر پرائمری سرکاری اسکول میں ترانے میں بچوں کو ‘لب پے آتی ہے دعا بن کے تمنا میری’ دعا پڑھانے پر اسکول کے پرنسپل کو معطل کردیا گیا جبکہ شکچھا متر کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ بیسک ایجوکشن افسر ونئے کمار نے جمعرات کو بتایا کہ اپر پرائمری اسکول فرید پور میں صبح کے ترانے میں اسکول میں زیر تعلیم بچوں کو ‘لب پے آتی ہے دعا بن کے تمنا میری’ دعا پڑھانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس ضمن میں ابتدائی جانچ کے بعد پرنسپل ناہید صدیقی کو معطل کردیا گیا جبکہ شکچھا متر وزیر الدین کے نام نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ پورے معاملے کی جانچ کا حکم دیا گیا ہے۔ ترانے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی موجود ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وشو ہندو پریشد شہر کے صدر سوم پال راٹھور نے بدھ کو فرید پور محلہ پارہ میں واقعہ کملا نہرو اپر پرائمری اسکول میں بچوں کو ‘لب پےآتی ہے دعا بن کے تمنا میری’ دعا پڑھائے جانے کے معاملے میں پرنسپل ناہید صدیقی اور شکچھا متر وزیر الدین کے خلاف فرید پور تھانے میں شکایت درج کرائی تھی۔

سوم پال نے الزام لگایا تھا کہ سرکاری اداروں میں ہندو جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لئے ایسا کیا جارہا ہے۔ پرنسپل ناہید صدیقی کے کہنے پر شکچھا متر وزیر الدین کافی وقت سے ایسا کرارہے تھے۔ مخالفت کرنے پر بچوں کو دھمکی دی جاتی تھی۔