حکومت مویشیوں کے چارے کی قیمتیں کم کرے: ادھیر رنجن

لوک سبھا میں مویشیوں کے چارے کی قیمتوں میں اضافے کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے مسٹر چودھری نے کہا کہ ایک طرف گائے کو سامنے رکھ کر سیاست کی جاتی ہے تو دوسری طرف ان کا چارہ اور خوراک مہنگی کی جا رہی ہے

نئی دہلی: کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے منگل کو لوک سبھا میں مویشیوں کے چارے کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کا مسئلہ اٹھایا اور حکومت سے ان کی قیمتوں کو کم کرنے کی درخواست کی۔

وقفہ صفر کے دوران یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے مسٹر چودھری نے کہا کہ مویشیوں کے چارے کی قیمت میں 27 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھ نہیں پا رہے کہ جانوروں کا چارہ کیوں مہنگا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف گائے کو سامنے رکھ کر سیاست کی جاتی ہے تو دوسری طرف ان کا چارہ اور خوراک مہنگی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جانوروں کی خوراک پر عائد ٹیکس ختم کرکے اس کی قیمت کم کی جائے۔

شیو سینا کے پرتاپ راؤ جادھو نے کسانوں کو زرعی قرض حاصل کرنے میں درپیش مسائل کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ انہیں قرض ان کے سی آئی بی آئی ایل اسکور کی بنیاد پر دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فصل قرض دیتے وقت نہ صرف کسانوں کا سی آئی بی آئی ایل اسکور دیکھا جا رہا ہے بلکہ ضمانت دینے والوں کے سی آئی بی آئی ایل اسکور کو بھی دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ وہ فصلی قرضوں کی دفعات کو آسان بنائے، تاکہ کسانوں کو آسانی سے قرض مل سکے۔