اطلاع کے مطابق پنجابی کلاکار دیپ سدھو اپنی منگیتر رینا رائے کے ساتھ اسکارپیو کار میں سوار ہوکر دہلی سے پنجاب کے لئے نکلے تھے
سونی پت: پنجابی اداکار دیپ سدھو کی منگل کی رات ہریانہ میں سونی پت کے نزدیک سڑک حادثہ میں موت ہوگئی۔ حادثہ اس وقت ہوا جب دیپ سدھو اپنی منگیتر کے ساتھ گاڑی میں سوار ہوکر دہلی سے پنجاب واپس آ رہے تھے۔
سونی پت ضلع کے کھرکھودا سب ڈویزن کے تحت آنے والے گاوں پپلی ٹولہ پلازہ کے نزدیک یہ سڑک حادثہ ہوا جس میں دیپ سدھو کی موت ہوگئی جبکہ منگیتر کی حالت سنگین ہے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو کھرکھودا سی ایچ سی میں رکھوایا ہے۔
ذہن نشیں رہے کہ سدھو دہلی بارڈر پر چل رہی کسان تحریک کے دوران اس وقت مزید مشہور ہوگئے تھے جب انہوں نے لال قلعہ پر جھنڈا لہرایا تھا۔ اطلاع کے مطابق پنجابی کلاکار سدھو اپنی منگیتر رینا رائے کے ساتھ اسکارپیو کار میں سوار ہوکر دہلی سے پنجاب کے لئے نکلے تھے۔
دیر رات کے ایم پی کے کھرکھودا سب ڈویزن کے گاوں پیپلی ٹول پلازہ کے نزدیک ان کی گاڑی ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی زبردست تھی کہ گاڑی کے پرخچے اڑگئے۔ حادثہ کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ پولیس کے پہنچنے تک دیپ سدھو دم توڑ چکے تھے اور ان کی منگیتر رینا رائے کی حالت سنگین تھی۔
پولیس نے سدھو کی لاش کو کھرکھودا سی ایچ میں رکھوایا ہے اور انکی منگیتر کو بھی کھرکھودا سی ایچ سی لایا گیا جہاں سے انہیں ریفر کردیا گیا ہے۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔