میرٹھ: انتظامیہ کی اجازت نہ ملنے سے اویسی کی ریلی ملتوی

اویسی کی میرٹھ میں ہونے والی عوامی ریلی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کی وجہ سے ملتوی کردی گئی ہے۔

میرٹھ: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے قومی صدر و رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کی میرٹھ میں سنیچر کو ہونے والی عوامی ریلی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے کی وجہ سے ملتوی کردی گئی ہے۔

پارٹی کے ریاستی صدر شوکت علی نے یہاں میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں بتایا کہ ریاستی حکومت کے دباؤ میں میرٹھ ضلع انتظامیہ نے عوامی ریلی کی اجازت نہیں دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی انتظامیہ سے اجازت لینے کے بعد ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔

علی نے کہا کہ ریلی کی اجازت کے لئے درخواست دینے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے اس بات کا تیقن دیا گیا تھا کہ وہ اپنی تیاریاں کرلیں۔ اجازت دے دی جائے گی لیکن جمعہ کی رات 12 بجے اچانک پولیس انتظامیہ نے تیاریاں رکوا کر ریلی کو ملتوی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ٹینٹ وغیرہ ہٹوانا شروع کردیا۔

اس کی مخالفت میں ناراض پارٹی کارکنوں نے تھانہ نوچندی میں ہنگامہ کرتے ہوئے دھرنا بھی دیا۔ بعد میں پولیس افسران کے ذریعہ کسی دیگر مقام پر ریلی کرائے جانے کی اجازت دینے کا تیقن ملنے کے بعد دھرنے کو ختم کردیا گیا۔

ایس پی (شہر) ونیت بھٹناگر نے بتایا کہ شہر میں جگہ جگہ ہورڈنگ لگا دئیے گئے تھے لیکن نوچندی گراؤنڈ میں ریلی کے انعقاد کے لئے کوئی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ویسے بھی اس جگہ کے سلسلے میں نگر نگم اور ضلع پنچایت دونوں کے درمیان مالکانہ تنازع چل رہا ہے اور ایسے میں انتظامی سطح پر کوئی اجازت نہیں دی جاسکتی تھی۔