راجستھان: ضلع باڑمیر میں بس اور ٹریلر میں ٹکر سے 12 افراد ہلاک، 27 زخمی

باڑمیر جودھپور ہائی وے پر بھنڈیا واس گاؤں کے قریب آج صبح بس اور ٹریلر کے درمیان تصادم میں 12 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہو گئے۔

باڑمیر: راجستھان کے باڑمیر ضلع میں باڑمیر-جودھپور ہائی وے پر بھنڈیا واس گاؤں کے قریب آج صبح بس اور ٹریلر کے درمیان تصادم میں 12 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق صبح تقریباً 10.30 بجے پیش آنے والے اس حادثے میں بارہ افراد کی موت ہو گئی۔ آگ لگنے سے دونوں گاڑیوں میں 9 افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے جب کہ بس میں سوار ایک شخص ہلاک اور ایک شخص ٹریلر میں جھلس گیا جب کہ حادثے میں شدید زخمی ایک شخص اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ حادثے میں ایک معصوم بچی کی بھی موت ہوگئی۔

حادثے کے زخمیوں کو بلوترا کے ناہٹا اور دیگر اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے اور کئی زخمیوں کو جودھ پور بھیجا گیا ہے۔ جلنے کی وجہ سے حادثے میں مرنے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی تو ان کی لاشوں کو جودھ پور روانہ کیا جا رہا ہے تاکہ ڈی این اے ٹیسٹ سے ان کی شناخت کی جاسکے۔

وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، گورنر کلراج مشرا، وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر ڈاکٹر ستیش پونیا، سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے اور کانگریس کے ریاستی صدر اور وزیر تعلیم گووند سنگھ دوتاسرا وغیرہ نے حادثے پر غم کا اظہار کیا، سوگوار خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے ایشور سے دعا کی۔

ہلاک ہونے والے افراد اور زخمیوں کے لیے امداد کا اعلان

وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ نے ہلاک ہونے والے افراد اور زخمیوں کے لیے امداد کا اعلان کیا۔  ریاستی حکومت نے مرنے والوں کے لواحقین کو 5-5 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 1-1 لاکھ روپے اور مرکزی حکومت نے مرنے والوں کے لواحقین کو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50,000 روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

اس سے پہلے جیسے ہی حادثے کی اطلاع ملی، مسٹر گہلوت نے حادثے کے تعلق سے ضلع کلکٹر، باڑمیر سے فون پر بات کی اور انہیں راحت اور بچاؤ کاموں کے بارے میں ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کا بہترین علاج کو یقینی بنایا جائے گا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی جنگلات اور ضلع انچارج وزیر سکھرام وشنوئی، پچ پدرا کے ایم ایل اے مدن پرجاپت، ڈویژنل کمشنر راجیش شرما، ضلع کلکٹر لوک بندھو اور پولیس سپرنٹنڈنٹ دیپک بھارگوا موقع پر پہنچ گئے۔