آرین خان اٹھارہ روز بعد والد شاہ رخ سے ملے

آرتھر روڈ جیل میں قید بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو جمعرات کے روز اپنے والد سے ملنے کا موقع ملا۔

ممبئی: کروز میں ہوئی ریو پارٹی کے تعلق سے آرتھر روڈ جیل میں قید بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو جمعرات کے روز اپنے والد سے ملنے کا موقع ملا۔ اس دوران باپ بیٹے نے 20 منٹ اکٹھے گزارے۔

دونوں کی یہ ملاقات ریاستی حکومت کے ذریعہ جیل میں بند اپنے خاندان کے ممبران سے ملنے کے لئے عائد کی گئی پابندی میں رعایت دئے جانے کے بعد ہوئی۔ اس سے دو ہفتے قبل آرین اپنی والدہ گوری خان سے ملے تھے۔ پھر جب 15 اکتوبر کو کوارنٹائن مدت ختم ہونے کے بعد انہیں جنرل بیرک میں بھیجا گیا تھا، تب انہوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ والدین سے بات کی تھی۔

قابل ذکر ہے کہ دو اکتوبر کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ذریعہ حراست میں لئے گئے آرین خان کی ضمانت کی درخواست پر جمعرات کو بامبے ہائی کورٹ میں سماعت ہونے والی ہے۔ این سی بی نے 23 سالہ آرین کو باضابطہ طور سے 3 اکتوبر کو گرفتار کیا تھا۔

این سی بی حراست میں پہلے کچھ دنوں تک رہنے کے بعد انہیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا اور پھر 8 اکتوبر کو جیل کے قرنطینہ مرکز منتقل کر دیا گیا تھا۔

اس معاملے میں آرین سمیت دو دیگر ملزمان کی ضمانت کی درخواست کو عدالتوں نے کئی بار خارج کردیا ہے۔ ایک مقامی عدالت کے علاوہ این ڈی پی اے کی خصوصی عدالت نے بھی ان کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ اب آرین کے وکلاء نے نچلی عدالت کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔