جمشید پور میں خوفناک سڑک حادثے میں ایک خاتون سمیت تین افراد ہلاک اور چار دیگر شدید طور سے زخمی ہوگئے۔
جمشید پور: جھارکھنڈ میں سرائے کیلا۔ کھرسانواں ضلع کے نیم ڈیہہ تھانہ علاقہ میں اتوار کو خوفناک سڑک حادثے میں خاتون سمیت تین لوگوں کی موت ہوگئی۔ جبکہ چار دیگر شدید طور سے زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ قومی شاہراہ نمبر ۔32 پر چنڈل اسٹیشن کے نزدیک ٹریلر اور آٹو کے مابین تصادم میں آٹو سوار سدھیر ٹڈو، سکرمنی مارڈی اور آٹو ڈرائیور نیلم کمار ہیمبرم کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ حادثے میں چار افراد شدید طور سے زخمی ہوگئے۔
مقامی لوگوں سے اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے زخمیوں کو نزدیکی اسپتال میں داخل کرانے کے ساتھ ہی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ آٹو پر سوار لوگ سدھیر ٹڈو کے علاج کیلئے ہرپال ڈیہہ گاﺅں جا رہے تھے تبھی چنڈل اسٹیشن کے نزدیک یہ حادثہ رونما ہوگیا۔ سبھی متوفی اور زخمی جریا ڈیہہ اور نوتن ڈیہہ گاﺅں کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں۔