ایک اور انتخابی وعدہ پورا کرتے ہوئے ممتا بنرجی کا 30 جون سے طلبا کو کریڈٹ کارڈ دینے کا اعلان

مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے ایک اور انتخابی وعدہ پورا کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بنگال میں 30 جون سے طلبا کو کریڈٹ کارڈ جاری کئے جائیں گے اور اس کے لئے آن لائن درخواست دئے جاسکتے ہیں۔

کلکتہ: مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے ایک اور انتخابی وعدہ پورا کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بنگال میں 30 جون سے طلبا کو کریڈٹ کارڈ جاری کئے جائیں گے اور اس کے لئے آن لائن درخواست دئے جاسکتے ہیں۔ ممتا بنرجی نے بنگال اسمبلی انتخابات میں ’’اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ متعارف‘‘ کرانے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کی وجہ سے پسماندگی کے شکار طلبا کے لئے اعلیٰ تعلیم کے حصول کی راہ ہموار ہوگی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کہا کہ کریڈٹ کارڈ دسویں جماعت سے پوسٹ گریجویشن تک کے طلبا کے لئے دستیاب ہوں گے۔ اس قرض کے لئے انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ، ڈپلوما، میڈیکل اور ریسرچ شعبے میں بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ قرض حاصل کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ عمر 40 سال ہی ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ صرف وہ طلبا جو ریاست کے رہائشی ہیں یا 10 سال کی مدت سے زائد عرصے سے بنگال میں مقیم رہے ہیں وہ قرض حاصل کرسکتے ہیں۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ قرض 15 سال کے لئے ہوگا۔ اس مدت کے درمیان قرض واپس کرنا ہوگا۔طلباء کو قرضوں کے حصول میں کسی ضامن کی ضرورت نہیں ہوگی۔ حکومت ضامن ہوگی۔ طلباء بینک قرض کو نوکری ملنے کے ایک سال بعد اس رقم کی ادائیگی شروع کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قرض لینے کے 15 سال بعد نرم قرض کی طرح قرض واپس کرنا ہوگا۔

وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’کرشک بندھو منصوبے‘‘ کا انتخابات کے دوران جو وعدے کیا تھا اس کے تحت ہزاروں کروڑوں روپے پہلے ہی تقسیم کیے جاچکے ہیں۔ اس کے بعد، انہوں نے کریڈٹ کارڈ کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت نے طلبا کے تعاون کے لئے بہت سے منصوبے پہلے سے شروع کر رکھے ہیں۔ جس میں ’کنیاشری‘، ’سوامی ویویکانند میرٹ‘، سکھاشری وغیرہ مختلف منصوبے ہیں۔ ان کے مطابق اس مرتبہ طلباء کا کریڈٹ کارڈ متعارف کرایا جارہا ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ طلبا ہمارے لئے فخر ہیں، ان کی تعلیم اور ان کو پاؤں پر کھڑا کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔