امریکہ کے شہر کولوراڈو میں فائرنگ، بندوق بردار سمیت تین افراد ہلاک

امریکی ریاست کولوراڈو کے شہر اروڈا میں فائرنگ سے بندوق بردار سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔ اروڈا پولیس ڈیپارٹمنٹ نے ٹویٹ کیا کہ پیر کو اروڈا میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

واشنگٹن: امریکی ریاست کولوراڈو کے شہر اروڈا میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں بندوق بردار سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔ عہدیداروں نے یہ اطلاع دی ہے۔ اروڈا پولیس ڈیپارٹمنٹ نے ٹویٹ کیا کہ پیر کو اروڈا میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

مقامی میڈیا نے اروڈا پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی چیف ایڈ بریڈی کے حوالے سے بتایا ہے کہ اروڈا لائبریری کے قریب ایک چوراہے پر فائرنگ سے ایک پولیس افسر کی موت ہوگئی تھی اور کنبہ کو مطلع کرنے کے بعد اس کی شناخت ظاہر کردی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق، پولیس نے بتایا کہ بندوق بردار کو پولیس نے گولی مار دی تھی اور اس کی شناخت کورونر کا دفتر کر رہا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایک اور شخص کو اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔