رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان کے بے قابو ہوئے حامیوں نے آج پارٹی کے ریاستی دفتر میں ہنگامہ کیا۔ ناراض ایل جے پی کارکنان کا کہنا ہے کہ وہ مسٹر پارس کو کچھ نہیں مانتے ہیں۔ پارٹی کے قومی صدر چراغ پاسوان ہی ان کے لئے سب کچھ ہیں۔
پٹنہ: لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) میں ٹوٹ کے بعد بہار کے جموئی سے رکن پارلیمنٹ چراغ پاسوان کے بے قابو ہوئے حامیوں نے آج پارٹی کے ریاستی دفتر میں ہنگامہ کیا۔
مسٹر پاسوان کے چچا اور حاجی پور کے رکن پارلیمنٹ پشوپتی کمار پارس کی قیادت میں ہوئے ٹوٹ کی مخالفت کرتے ہوئے ناراض کارکنان نے پارٹی کے دفتر کے باہر جم کر نعرے بازی کی۔ اس کے بعد کارکنان نے دفتر میں داخل ہوکر ہنگامہ کیا اور پھر مین گیٹ پر لگے مسٹر پارس کے نیم پلیٹ پر سیاہی لگادی۔ کارکن پارس مردہ باد کے نعرے لگارہے تھے۔
ناراض ایل جے پی کارکنان کا کہنا ہے کہ وہ مسٹر پارس کو کچھ نہیں مانتے ہیں۔ پارٹی کے قومی صدر مسٹر پاسوان ہی ان کے لئے سب کچھ ہیں۔
کارکنان نے کہا کہ انہیں پارٹی دفترمیں داخل نہیں ہونے دیا جارہا ہے جبکہ چراغ کی قیادت میں آج تک ایسا نہیں ہوا تھا۔ پارٹی کے کارکنان کو ہی پارٹی دفتر سے باہر نکال کر پھینکا جارہا ہے۔
ایل جے پی کے ناراض کارکنان نے کہا کہ مسٹر پارس کو پارٹی چلانا نہیں ہے بلکہ عہدہ اور اقتدار کیلئے انہوں نے چراغ کے ساتھ غداری کی ہے۔ پارٹی کارکنان چراغ کے ساتھ ہیں۔ کارکنان کو انہوں نے جو عزت دی ہے وہ مسٹر پارس کبھی نہیں دے پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چراغ ہی آنجہانی رام ولاس پاسوان کے وارث ہیں اور وہ پارٹی کو سنبھالیں گے۔ کارکنان پوری طرح سے چراغ کے ساتھ ہیں۔