انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) کی ہریانہ برانچ کے صدر ڈاکٹر کرن پونیا نے بتایا کہ کووڈ – 19 کے دوران اپنی جان گنوانے والے 1300 سے زیادہ ڈاکٹروں کی تضحیک کرنے والے بابا رام دیو کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کے توسط سے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو ایک میمورنڈم دیا گیا ہے۔
بھیوانی: ڈاکٹروں اور ایلوپیتھک نظام کے بارے میں یوگا گرو بابا رام دیو کے تبصرے کا معاملہ طول پکڑتا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں آج انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) کی ہریانہ برانچ کے صدر ڈاکٹر کرن پونیا نے جہاں رام دیو کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ وہیں یہ اعلان بھی کیا کہ ریاست کے تمام ڈاکٹر کل اس مطالبہ پر کالی پٹی باندھ کر مظاہرہ کریں گے اور پرسوں (3 جون کو) او پی ڈی کو دو گھنٹے تک بند رکھیں گے۔
ڈاکٹر کرن پونیا نے بتایا کہ کووڈ – 19 کے دوران اپنی جان گنوانے والے 1300 سے زیادہ ڈاکٹروں کی تضحیک کرنے والے بابا رام دیو کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کے توسط سے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو ایک میمورنڈم دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متوفی ڈاکٹروں کو ‘ٹرٹر’ کہہ کر، ایلوپیتھی کو فضول سائنس قرار دے کر، آکسیجن کو بیکار کی دوا بتا کر، نیز قانون سے خود کو بالا تر سمجھتے ہوئے ان کا یہ کہنا کہ کسی کا باپ بھی انہیں گرفتار نہیں کرسکتا، ایک مغرور آدمی ہونے کی عکاسی کرتا ہے۔
ڈاکٹر پونیا نے کہا کہ کسی بابا یا سادھو کی بھیس میں کوئی نیک آدمی ایسی زبان استعمال نہیں کرسکتا، جو وہ کرتے آئے ہیں۔
ڈاکٹر کرن پونیا نے یہ بھی بتایا کہ کورونا وائرس کے علاج کے لئے بابا رام دیو کی بنائی ہوئی غیر منظور شدہ دوا "کورونیل” مہلک ثابت ہوگی۔ مریض اس کے بھروسے گھر بیٹھا رہے گا اور بے جان حالت میں اسپتال پہنچے گا، جہاں اس کی جان بچانا مشکل ہوگا۔
بابا رام دیو کے خلاف جلد سے جلد کارروائی کی جائے
انہوں نے کہا کہ قومی اور ریاستی سطح پر آئی ایم اے کے لیڈروں میں سے ایسوسی ایشن کے قومی صدر پروفیسر جے اے جئے لال، سابق قومی صدر ڈاکٹر راجن شرما، قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر جئیش لیلے، ریاستی یونٹ کے سرپرست ڈاکٹر وید پرکاش بینی وال، ریاستی خواتین ڈاکٹروں کی یونٹ پرنسپل ڈاکٹر وندنا پونیا، سکریٹری ڈاکٹر انیتا پنوار، ریاستی فنانس سکریٹری ڈاکٹر سواستی شرما نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ بابا رام دیو کے خلاف جلد سے جلد کارروائی کی جائے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز ریاستی سربراہ ڈاکٹر کرن پونیا کی صدارت میں آئی ایم اے کی 38 ریاستی شاخوں کی ایک زوم میٹنگ ہوئی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 2 جون کو ہریانہ ریاست کے تمام آئی ایم اے ممبر کالی پٹی اور ربن باندھ کر بابا رام دیو کی گرفتاری کا مطالبہ کریں گے اور 3 جون کو دو گھنٹے تک او پی ڈی بند رکھیں گے۔ اس دوران صرف کورونا وائرس کے مریضوں اور ہنگامی مریضوں کو ہی دیکھا جائے گا۔