راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ بین الاقوامی بازار میں کچے تیل کی قیمت کم ہونے کے باوجود پٹرول ڈیزل کی قیمت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ متعدد ریاستوں میں پٹرول کی قیمت سو روپے لیٹر سے زیادہ ہوگئی ہے۔ ایک طرف عام آدمی کووڈ اور آمدنی کم ہونے سے پریشان ہے وہیں مودی حکومت مہنگائی سے اس کے لئے مشکل پیدا کررہی ہے۔
جئے پور: راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے مرکز کی مودی حکومت پر مہنگائی بڑھانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ عالمی وبا کورونا میں پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے لوگوں کو مشکل میں ڈال رہی ہے۔
مسٹر گہلوت نے سوشل میڈیا کے ذریعہ آج یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی بازار میں کچے تیل کی قیمت کم ہونے کے باوجود پٹرول اور ڈیزل کی قیمت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ متعدد ریاستوں میں پٹرول کی قیمت سو روپے لیٹر سے زیادہ ہوگئی ہے، ایک طرف عام آدمی کووڈ اور آمدنی کم ہونے سے پریشان ہے وہیں مودی حکومت مہنگائی سے اس کے لئے مشکل پیدا کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی کو لگاتار کم کررہی ہے جس میں ریاستوں کو حصہ ملتا تھا لیکن اسپیشل ایکسائز ڈیوٹی اور ایڈیشنل ایکسائز ڈیوٹی لگاکر اپنی جیب بھر رہی ہے۔ مرکزی حکومت کی ایک تہائی کمائی پٹرول-ڈیزل کے ٹیکس سے ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب مرکزی حکومت کو پٹرول-ڈیزل پر ٹیکس کم کرکے عام آدمی کو راحت دینی چاہیے تھی تب اس سال کے بجٹ میں ان پر ایک نیا ٹیکس لگادیا۔ اس سے ٹرانسپورٹیشن چارج بڑھ گئے ہیں جس سے ابھی چیزوں پر مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ عام آدمی مودی حکومت کے ذریعہ بنے گئے اس مہنگائی کے جال سے بری طرح تنگ آچکا ہے۔