برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے چھپ چھپا کر اپنی گرل فرینڈ کیری سائمنڈ سے شادی کر لی۔ ایک سو نناوے برس میں پہلا موقع ہے کہ کسی برطانوی لیڈر نے وزارت عظمیٰ کے دور میں شادی کی ہو۔ 56 سالہ بورس جانسن کی یہ تیسری اور کیری سائمنڈ کی پہلی شادی ہے۔
لندن: برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے چھپ چھپا کر اپنی گرل فرینڈ کیری سائمنڈ سے شادی کر لی۔ برطانوی اخبار ’دی سن‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ بورس جانسن اور کیری سائمنڈ کی شادی ویسٹ منسٹر کے کیتھیڈرل میں ہوئی، جس میں صرف 30 افراد نے شرکت کی۔ میڈیا کا کہنا ہے کہ تاریخی عمارت سیاحوں سے یہ کہہ کر خالی کرائی گئی کہ لاک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔
ایک سو نناوے برس میں پہلا موقع ہے کہ کسی برطانوی لیڈر نے وزارت عظمیٰ کے دور میں شادی کی ہو۔ مقامی میڈیا نے اتوار کے روز اپنی رپورٹوں میں یہ اطلاع دی۔ خیال رہے برطانوی وزیر اعظم کی یہ شادی 30 جولائی 2022 کو ہونے والی تھی۔
اخبار’دی سن‘ کے مطابق بورس جانسن اور سائمنڈ کی تقریب تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی اور اس دوران چرچ بند کردیا گیا تھا۔ اخبار نے چرچ کے ایک کارکن کے حوالے سے بتایا ’’وہ پریشان نظر آئے‘‘۔
56 سالہ بورس جانسن کی یہ تیسری اور کیری سائمنڈ کی پہلی شادی ہے۔