وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو ابتدائی طور پر بتایا گیا ہے کہ طوفان یاس کی وجہ سے ریاست کو 20 ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اس کے علاوہ، ریاستی حکومت نے وزیر اعظم سے دیگھا کے لئے 10,000 کروڑ اور سندربن کے لئے مزید 10,000 کروڑ کا مالیاتی پیکیج کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
کلکتہ: وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور ان سے 20،000 کروڑ روپے کے مجموعی مالی پیکیج کا مطالبہ کیا۔ وزیر اعظم یاس طوفان سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لئے اڑیسہ اور بنگال کے دورے پر ہیں۔
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مشرقی مدنی پور کے کائیکنڈہ میں ملاقات کی اور ریاست کو ہونے والے نقصانات سے متعلق ایک رپورٹ سونپی۔ دیگھا میں بی ڈی اوز سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو ابتدائی طور پر بتایا گیا ہے کہ طوفان یاس کی وجہ سے ریاست کو 20 ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اس کے علاوہ، ریاستی حکومت نے وزیر اعظم سے دیگھا کے لئے 10,000 کروڑ اور سندربن کے لئے مزید 10,000 کروڑ کا مالیاتی پیکیج کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مشرقی مدنی پور اور جنوبی 24 پرگنہ میں سب سے تباہی
مشرقی مدنی پور اور جنوبی 24 پرگنہ میں سب سے تباہی مچی ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ریاست کے سیاحتی مقامات دیگھا اور مندار منی میں بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں۔ وہیں سندربن کا بڑا علاقہ مکمل طور پر ڈوب گیا ہے۔ فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔ امفان کے بعد سندربن کی تعمیر نو کی جا رہی تھی وہ بھی اس کی زد میں آکر تباہ و برباد ہوگئے ہیں۔ یاس کی وجہ سے سندر بن کے حالات مزید خراب ہوگئے ہیں۔
ممتا بنرجی وزیر اعظم مودی کے ساتھ کائیکنڈہ میٹنگ میں شریک نہیں ہوئیں۔ لیکن دونوں لیڈروں کے درمیان مختصر ملاقات ہوئی۔ وزیر اعلی ممتا بنرجی نے ان کے ساتھ یاس طوفان سے ہونے والے نقصانات کی تفصیل پیش کی۔
دیگھا میں ممتا بنرجی نے کہا کہ چیف سکریٹری اور میں یاس طوفان میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ہم نے وزیرا عظم مودی سے ملاقات کرکے ریاست میں ہونے والے نقصانات کا اجمالی جائزہ پیش کرتے ہوئے 20 ہزار کروڑ روپے کے مجموعی پیکج کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ ہم نے سیاحتی مقام دیگھا کی تعمیر نو اور سندربن کی تعمیر کے لئے علاحدہ علاحدہ دس دس ہزار کروڑ روپے کا مطالبہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم سے کہا ہے کہ جو آپ مناسب سمجھیں کریں۔ ایسے مجھے نہیں لگتا ہے کہ مرکزی حکومت اس معاملے میں ہمارے مسائل کو سمجھے گی۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ دیگھا کی تعمیر نو کی جلد سے جلد ضرورت ہے۔ یہاں بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں۔