بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے جمعرات کو اپنے کابینی رفقا اور سنیئر افسران کے ساتھ ریاست میں جاری لاک ڈاﺅن کے جائزے کے بعد اسے یکم جون 2021 تک بڑھانے کا فیصلہ لیا۔ لیکن اس مرتبہ زراعت سے معلق دکانوں کو ہر دن کھولنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ دیگر پابندیاں حسب سابق رہیں گی۔
پٹنہ: بہار میں پابندی اور تحمل کی وجہ سے کورونا انفیکشن کے معاملوں میں آئی کمی کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے ایک بار پھر لاک ڈاﺅن کی مدت کو سات دنوں کیلئے بڑھا دیا ہے۔ لیکن اس مرتبہ زراعت سے معلق دکانوں کو ہر دن کھولنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ دیگر پابندیاں حسب سابق رہیں گی۔
وزیراعلیٰ نتیش کمار نے جمعرات کو اپنے کابینی رفقا اور سنیئر افسران کے ساتھ ریاست میں جاری لاک ڈاﺅن کے جائزے کے بعد اسے یکم جون 2021 تک بڑھانے کا فیصلہ لیا۔ اجلاس کے بعد ریاست کے چیف سکریٹری تری پراری شرن، ڈیولپمنٹ کمشنر عامر سبحانی، پولیس ڈائریکٹر جنرل ایس کے سنگھل، ایڈیشنل چیف داخلہ سکریٹری چیتنیہ پرساد، صحت اور آفات مینجمنٹ محکمہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹر پرتیہ امرت نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ کورونا کی اعلیٰ سطحی میٹنگ وزیراعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں ہوئی۔ جس میں لاک ڈاﺅن کے دوران انفیکشن میں آئی کمی کو مد نظر رکھتے ہوئے اس کو آئندہ سات دنوں کیلئے 26 مئی سے یکم جون تک بڑھانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
چیف سکریٹری نے کہا کہ اس بار لاک ڈاﺅن کے دوران کھاد، بیج، جراثیم کش دوائیں اور زرعی آلات سے متعلق دکانوں اور اداروں کو ہر دن کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اب ایسی دکانیں شہری علاقوں میں صبح 06 بجے سے 10 بجے دن تک اور دیہی علاقوں میں صبح 08 بجے سے 12 بجے دن تک کھلی رہیں گی۔ سبھی پابندیاں گذشتہ لاک ڈاﺅن کے رہنماء اصول کے مطابق ہی رہیں گی۔
مسٹر شرن نے کہا کہ ضلع مجسٹریٹ مقامی حالات کا جائزہ لیکر جاری امتناعات کے علاوہ مزید سخت پابندی لگا سکتے ہیں لیکن کسی بھی صورت میں محکمہ داخلہ کے رہنماء اصول کے مطابق لگائی گئی پابندیوں میں نرمی نہیں کرسکتے ہیں۔