اسرائیل اور فلسطین پر سلامتی کونسل کا جنگ بندی کی مکمل پاسداری پر زور

میڈیا میں شائع رپورٹ کے مطابق سلامتی کونسل نے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان اس نئے تنازع کے بارے میں ہفتے کے روز پہلا بیان جاری کیا ہے۔ اس سے پہلے اس کے تین بیانات کو اسرائیل کے حامی امریکہ نے بلاک کردیا تھا۔

اقوام متحدہ: عالمی برادری، مسلم ملکوں اور خاص طور پر مصر کی کوششوں سے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان 11 روز ہ لڑائی کے بعد ہونے والی جنگ بندی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے دونوں فریق سے اس پر مکمل طور پر عمل کرنے پر زور دیا ہے۔

میڈیا میں شائع رپورٹ کے مطابق سلامتی کونسل نے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان اس نئے تنازع کے بار ے میں ہفتے کے روز پہلا بیان جاری کیا ہے۔ اس سے پہلے اس کے تین بیانات کو اسرائیل کے حامی امریکہ نے بلاک کردیا تھا۔

سلامتی کونسل کا فلسطینیوں کو انسانی امداد مہیا کرنے کی ضرورت پر زور

اس میں سلامتی کونسل کے رکن ممالک نے 21 مئی کو اسرائیل اور غزہ کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے اور اس جنگ بندی میں مصر اور دوسرے علاقائی ممالک کے اہم مصالحتی کردار کو سراہا ہے۔ سلامتی کونسل نے بیان میں فلسطینیوں اور بالخصوص اہلِ غزہ کو انسانی امداد مہیا کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔

مصر اور دوسرے ممالک کی ثالثی کے نتیجے میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جمعہ کو جنگ بندی ہوئی تھی۔ اسرائیلی فوج کی گیارہ روزہ فضائی بمباری میں کم سے کم ڈھائی سو فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔ ان میں 66 کم سن بچے شامل ہیں۔اس جنگ کے نتیجے میں پہلے سے تباہ حال اور محصورین غزہ کی مشکلات دوچند ہوگئی ہیں۔

آٹھ لاکھ مکین پینے کے صاف پانی سے محروم

غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی جارحیت کے نتیجے میں کم سے کم آٹھ لاکھ مکین پینے کے صاف پانی سے محروم ہوگئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے تخمینے کے مطابق غزہ پر اسرائیلی فوج کی تباہ کن بمباری کے نتیجے میں فلسطینی علاقے کا آب رسانی کا 50 فیصد نظام ناکارہ ہوگیا ہے۔

اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور نے غزہ کی تعمیراتِ عامہ اور مکانات کی وزارت کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج کے 11 روز تک تباہ کن فضائی حملوں میں 17 ہزار مکانات اور تجارتی یونٹ مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں یا انھیں جزوی نقصان پہنچا ہے۔

اس نے مزید بتایا کہ ان میں سے 769 مکانات اور تجارتی یونٹ مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں اور وہ بالکل استعمال کے قابل نہیں رہے ہیں۔ 258 عمارتوں میں 1042 یونٹس تباہ ہوئے ہیں اور 14538 مکانوں یا تجارتی عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔غزہ شہر اور دوسرے شہری علاقے بمباری سے جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ گئے ہیں۔نیز شہر کے برقی نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔