بحیرہ عرب میں اٹھا سمندری طوفان تاوتے کے آئندہ چوبیس گھنٹے میں مزید خوفناک شکل اختیار کرلینے اور 18 مئی کی صبح گجرات کے مہووا (بھاو نگر) اور پور بندر کے درمیان سے ساحل سے ٹکرانے کا اندازہ ظاہر کیا گیا ہے۔
احمد آباد: بحیرہ عرب میں اٹھا سمندری طوفان تاوتے اب نہایت شدید (ویری سیویر) زمرہ کے طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے۔ اس کے آئندہ چوبیس گھنٹے میں مزید خوفناک شکل اختیار کرلینے اور 18 مئی کی صبح گجرات کے مہووا (بھاو نگر) اور پور بندر کے درمیان سے ساحل سے ٹکرانے کا اندازہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات سے آج موصولہ اطلاع کے مطابق یہ طوفان آج دوپہر ساڑھے گیارہ بجے گجرات کے ویراول ساحل سے 620 کلومیٹر جنوب ۔ جنوب مشرق میں واقع تھا۔ اس کے کل گجرات کے ساحل کے مزید قریب پہنچنے کے دوران ہواوں کی رفتار 155 سے لیکر 185 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ساحلی گجرات میں بھاو نگر، گر سومناتھ، امریلی، پوربندر کے علاوہ احمد آباد، ودوڈرہ، بھروچ، ولساڈ وغیرہ میں شدید سے نہایت شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔
سمندر میں اتار چڑھاؤ کی وجہ سے ماہی گیروں کو اس میں نہیں جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ گجرات کی بندرگاہوں پر بھی دو نمبر کا وارننگ سگنل لگا دیا گیا ہے۔
موسم مرکز کی طرف سے جاری بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ طوفان، شدید بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے ساحلی علاقوں میں کچے و پکے مکانات، سڑکوں، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور فصلوں وغیرہ کو نقصان ہو سکتا ہے۔ اس میں خطرے والے علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے، ماہی گیروں میں سمندر میں نہیں جانے، سڑک اور ریل آمد و رفت کو بھی کنٹرول کرنے، طوفان کے دوران لوگوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔