مایاوتی نے کہا ہے کہ اتر پردیش میں پنچایت انتخابات کے بعد دیہی علاقوں میں کورونا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے، جس کی روک تھام کے لئے جنگی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) سپریمو مایاوتی نے کہا ہے کہ اتر پردیش میں پنچایت انتخابات کے بعد دیہی علاقوں میں کورونا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے، جس کی روک تھام کے لئے جنگی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
محترمہ مایاوتی نے پیر کے روز یکے بعد دیگرے ٹویٹ کرکے یوپی کے گاؤں قصبوں میں کورونا انفیکشن کے پھیلاؤ کے تعلق سے اپنی تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا ’’یوپی میں پنچایت انتخابات کے اختتام کے بعد، یہاں خاص طور پر چھوٹے قصبوں اور دیہی علاقوں میں کافی تیزی سے کورونا وبا کے پھیلنے کی دل دہلانے والی خبریں آرہی ہیں۔ لوگ کافی دہشت میں ہیں۔ اس کی روک تھام کے لئے حکومت کو جنگی سطح پر کام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
بی ایس پی سربراہ نے کہا ’’ساتھ ہی، ابھی حال ہی میں ملک کی جن ریاستوں میں اسمبلی کے عام انتخابات ختم ہوگئے ہیں، وہاں کے شہروں کے ساتھ ساتھ گاؤں میں بھی کورونا وبا کا قہر کافی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ وہاں کی ریاستی حکومتوں کو بھی اس جانب خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، بی ایس پی کا یہ مشورہ ہے۔
انہوں نے کہا ’’سپریم کورٹ نے حال ہی میں ریاستوں کو کورونا کے علاج کے لئے آکسیجن وغیرہ کی تقسیم اور سپلائی سے متعلق اپنے فیصلے میں مرکزی حکومت کو جو قدم اٹھانے کی خصوصی ہدایت دی ہیں حکومت اس پر جلد ہی مکمل طور پر ضرور عمل کرے تو یہ بہتر ہوگا‘‘۔