کرناٹک کے چامراج نگر ضلع میں، آکسیجن کی کمی کی وجہ سے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف اسپتالوں میں 24 کورونا مریضوں کی موت ہوچکی ہے۔ مرنے والوں کے اہل خانہ نے اسپتال کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور قصوروار حکام کے خلاف کارروائی کی مانگ کی۔
چامراج نگر: کرناٹک کے چامراج نگر ضلع میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران آکسیجن کی کمی کی وجہ سے مختلف اسپتالوں میں 24 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی۔
چامراج نگر کے ڈپٹی کمشنر روی نے کہا کہ ان میں سے 23 مریضوں کی موت سرکاری اسپتالوں میں ہوئی جبکہ ایک دیگر مریض نے پرائیویٹ اسپتال میں دم توڑا۔ انہوں نے بتایا کہ مریضوں کی موت اتوار کو آٹھ بجے سے پیر کے آٹھ کے بجے کے درمیان ہوئی ہے اس کے علاوہ 11دیگر مریضوں کی موت مختلف طرح کی سنگین بیماریوں کی وجہ سے ہونے کی رپورٹ سامنے آئی ہے۔
چامراج نگر کے لوگوں میں آکسیجن کی کمی کے سبب دہشت
ڈاکٹر روی نے کہا کہ جن مریضوں کی موت ہوئی وہ تمام وینٹی لیٹر پر تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان مریضوں کی موت آکسیجن کی کمی کی وجہ سے ہوئی ہو یہ ضروری نہیں ہے۔ چامراج نگر میں کورونا کے مریضوں کی موت کی وجہ سے یہاں نزدیکی علاقوں کے لوگوں میں آکسیجن کی کمی کے سبب دہشت پھیل گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتوار سے پیر کی صبح تک 24 کورونا مریضوں کی موت ہوئی ہے۔ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ تمام کی موت آکسیجن کی کمی کی وجہ سے ہوئی ہے۔
ضلع انچارج اور پرائمر ی اور سیکنڈری ایجوکیشن کے وزیر سریش کمار نے بنگلورو میں نامہ نگاروں سے کہا کہ انہوں چامراج نگر ضلع سے اموات کے اعداد و شمار مانگے ہیں اور موت کی صحیح وجہ کا پتہ لگایا جائے گا۔ قصوروار پائے جانے والے لوگوں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مرنے والوں کے اہل خانہ نے اسپتال کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور قصوروار حکام کے خلاف کارروائی کی مانگ کی۔