مغربی بنگال میں ووٹ شماری کی تیاریاں مکمل

مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے قہر کے درمیان سخت سیکیورٹی کے تحت اتوار کے صبح 8 بجے ووٹ شماری شروع ہوجائے گی۔ ریاست کی کل 294 اسمبلی نشستوں میں سے 292 نشستوں پر آٹھ مرحلوں میں ووٹنگ ہوئی ہے۔ ریاست کے شمشیر گنج اور جنگی پور حلقوں میں دو امیدواروں کے انتقال کے سبب انتخابات ملتوی کردیئے گئے تھے۔

کولکاتہ: مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے قہر کے درمیان اتوار کی صبح 8 بجے سے سخت سیکیورٹی کے تحت ووٹ شماری شروع ہوجائے گی۔ ریاست کی 292 نشستوں کے لئے 2116 امیدواروں نے انتخاب لڑا تھا، جن کی انتخابی قسمت کے فیصلے کا اعلان کل ہوگا۔

ریاست کی کل 294 اسمبلی نشستوں میں سے 292 نشستوں پر آٹھ مرحلوں میں ووٹنگ ہوئی ہے۔ ریاست کے شمشیر گنج اور جنگی پور حلقوں میں دو امیدواروں کے انتقال کے سبب انتخابات ملتوی کردیئے گئے تھے۔

ترنمول کانگریس گزشتہ 10 سالوں سے وزیر اعلی ممتا بنرجی کی سربراہی میں ریاست میں برسراقتدار ہے۔ اس انتخاب میں ترنمول کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ کانگریس اور بائیں بازو کی پارٹیوں نے بھی ایڑی چوٹی کا زور لگایا ہے۔

گنتی کے مرکز سے 100 میٹر کے دائرے میں کسی بھی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں

الیکشن کمیشن نے ووٹ شماری کی تیاری مکمل کرلی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق گنتی کے مرکز سے 100 میٹر کے دائرے میں کسی بھی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ الیکشن کمیشن ریاست کے تمام ووٹ شماری مراکز پر کووڈ- 19 پروٹوکول پر عمل کرنے کا پابند ہے۔ نیز الیکشن کمیشن کی جانب سے اس کے لئے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) عارض آفتاب نے واضح طور پر کہا ہے کہ کورونا وائرس کے رہنما اصولوں پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔ گنتی کی تمام سرگرمیوں کو انجام دینے کے لئے گنتی کے مراکز میں کمیشن کی جانب سے ٹھوس انتظامات کیے گئے ہیں۔ ووٹ شماری مرکز کے اندر میزوں کی تعداد میں بھی اس بار اضافہ کیا جارہا ہے، تاکہ سماجی فاصلے کی ہدایت پر پوری طرح عمل کیا جاسکے۔

ایک عہدیدار نے بتایا کہ 108 ووٹ شماری مراکز میں تین سطح کے حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، جہاں اسٹرانگ روم میں ای وی ایم مشین اور وی وی پی اے ٹی کو سخت سکیورٹی کے تحت رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 23 ​​اضلاع میں گنتی کے مراکز پر کم از کم 292 مبصرین اور مرکزی سیکیورٹی فورس کی 256 کمپنیاں تعینات کی گئیں ہیں۔ اس بار ریاست میں 27 مارچ سے 29 اپریل تک آٹھ مراحل میں ووٹنگ ہوئی ہے۔ اس دوران تشدد کے بھی چند واقعات ہوئے ہیں جن میں متعدد لوگوں کی جانیں گئی ہيں۔

نندی گرام میں محترمہ بنرجی یا بی جے پی کے شوبھندو ادھیکاری کی جیت ہوگی، اس پر سب کی نگاہیں رہيں گی۔

نتائج کے رجحانات صبح 8.05 سے تمام گنتی کے مراکز سے آنا شروع ہوجائیں گے

الیکشن کمیشن نے آج ایک بیان میں کہا کہ مغربی بنگال قانون ساز اسمبلی کے کے انتخابات کی ووٹ شماری صبح آٹھ بجے شروع ہوگی اور نتائج کے رجحانات صبح 8.05 سے تمام گنتی کے مراکز سے آنا شروع ہوجائیں گے۔

دریں اثناء، وزیر اعلی نے جمعہ کے روز ریاست بھر سے امیدواروں اور پارٹی کے گنتی ایجنٹوں کو گنتی کا عمل مکمل ہونے تک مراکز میں رہنے کی ہدایت دی ہے۔

وزیر اعلی نے دعوی کیا کہ ترنمول کانگریس تیسری بار دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ ریاستی اسمبلی کی کل 294 نشستیں ہیں، جن میں سے کسی بھی پارٹی کو دوتہائی اکثریت کے لئے 148 نشستوں پر جیت درج کرنا ضروری ہے۔