عراق کے وزیراعظم مصطفى الکاظمی نے بغداد میں کووڈ اسپتال میں آگ لگنے کے واقعے کے اسباب کی فوری طور پر جانچ کئے جانے کے احکام جاری کئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جانچ مکمل ہونے تک اسپتال کے سربراہ، سیکیورٹی سروسز کے ڈائریکٹر اور آلات کی دیکھ ریکھ کے ذمہ دار افراد زیر حراست رہیں گے۔
بغداد: عراق کے وزیراعظم مصطفى الكاظمی نے راجدھانی بغداد میں کووڈ اسپتال میں آگ لگنے کے واقعہ کی جانچ ہونے تک اسپتال کے سربراہ کو حراست میں رکھے جانے کے احکام جاری کئے۔
وزیراعظم کے دفتر نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔
بغداد میں واقع ایک کووڈ اسپتال میں ہفتہ کی رات آکسیجن سلنڈر میں دھماکہ ہو جانے سے آگ لگ گئی۔ مقامی میڈیا کی تازہ رپورٹوں کے مطابق واقعہ میں مرنے والوں کی تعداد 28 ہوگئی ہے جبکہ 50 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مسٹر الکاظمی نے فوری طور پر حادثے کے اسباب کی جانچ کئے جانے کے احکام جاری کئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جانچ مکمل ہونے تک اسپتال کے سربراہ، سیکیورٹی سروسز کے ڈائریکٹر اور آلات کی دیکھ ریکھ کے ذمہ دار افراد زیر حراست رہیں گے۔