ایشیائی منڈیوں میں ملے جلے رجحان کی وجہ سے آج صبح گھریلو بازاروں میں گراوٹ درج کی گئی، لیکن بعد میں یورپ میں زور دار تیزی آنے سے گھریلو شیئر بازاروں میں بھی زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔
ممبئی: بڑی کمپنیوں میں آخری وقت کی خریداری کے نتیجے میں جمعرات کے روز گھریلو شیئر بازاروں میں لگاتار دوسرے کام کاج کے روز تیزی کا رجحان رہا۔ بی ایس ای سینسیکس تقریبا 260 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ بند ہوا کاروبار کے وسط میں ایک وقت میں 500 پوائنٹس سے زیادہ کی گراوٹ میں جانے کے بعد سینسیکس آخر کار 259.62 پوائنٹس یعنی 0.53 فیصد کے اضافے کے ساتھ 48803.68 پوائنٹس پر بند ہوا۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی بھی 76.65 پوائنٹس یعنی 0.53 فیصد اضافے کے ساتھ 14581.45 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
بڑی کمپنیوں کے برعکس درمیانے اور چھوٹی کمپنیوں میں سرمایہ کاروں نے جم کر فروخت کی۔ بی ایس ای کا مڈ کیپ 0.10 فیصد گھٹ کر 19،923.58 پوائنٹس پر اور اسمال کیپ 0.03 فیصد کے اضافے کے ساتھ 20399.69 پوائنٹس پر رہا۔
آج کے کاروبار میں دھات، بینکاری، مالیات اور تیل و گیس کے شعبوں میں زیادہ خریداری ہوئی۔ اچھے سہ ماہی نتائج کے بعد سینسیکس کی کمپنیوں میں ٹی سی ایس کے حصص میں ساڑھے تین فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا۔ او این جی سی کے حصص میں تین فیصد، آئی سی آئی سی آئی بینک کے شیئر میں ڈھائی فیصد اور ایچ ڈی ایف سی بینک میں دو فیصد کے قریب اضافہ درج کیا گيا۔ جبکہ انفوسس اور انڈس اینڈ بینک کے حصص میں ڈھائی فیصد سے زیادہ کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔
یورپ میں زور دار تیزی آنے سے گھریلو شیئر بازاروں میں بھی زبردست تیزی
ایشیائی منڈیوں میں ملے جلے رجحان کی وجہ سے آج صبح گھریلو بازاروں میں گراوٹ درج کی گئی، لیکن بعد میں یورپ میں زور دار تیزی آنے سے گھریلو شیئر بازاروں میں بھی زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔ ایشیاء میں جنوبی کوریا کا کوسپی 0.38 فیصد اور جاپان کے نکی میں 0.07 فیصد کا اضافہ درج کیا گيا، جبکہ چین کا شنگھائی کمپوزٹ 0.52 فیصد اور ہانگ کانگ کے ہینگسنگ 0.37 فیصد تک نیچے گر گیا۔ یورپ میں ابتدائی تجارت میں برطانیہ کے ایف ٹی ایس ای میں 0.23 فیصد اور جرمنی کے ڈیکس میں 0.18 فیصد کا اضافہ درج کیا گيا۔