بہار کے 14 اضلاع آسکتے ہیں گرم لہر کی زد میں

گرم لہر سے متاثر ہونے والے بہار کے 14 اضلاع میں پٹنہ، گیا، بیگوسرائے، بکسر، لکھی سرائے، شیخ پورہ، بھوج پور، روہتاس، بھبھوا، اورنگ آباد، نالندہ، نوادہ، جہان آباد اور ارول شامل ہیں۔

پٹنہ: مغربی خطے سے آنے والی گرم ہواؤں کی وجہ سے بہار کے چودہ اضلاع گرم لہر کی زد میں آسکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق بہار کے جنوب وسطی اور جنوب مغربی اضلاع میں پارہ سیماب 41 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے۔ گرم ہواؤں کی وجہ سے لو چلنے کا امکان ہے۔ تاہم شمالی بہار میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے تھوڑا سا زیادہ رہے گا اور جنوبی بہار کے مقابلے کم گرمی رہے گی۔

گرم لہر سے متاثر ہونے والے اضلاع میں پٹنہ، گیا، بیگوسرائے، بکسر، لکھی سرائے، شیخ پورہ، بھوج پور، روہتاس، بھبھوا، اورنگ آباد، نالندہ، نوادہ، جہان آباد اور ارول شامل ہیں۔ جہاں گرم ہوا ؤں کی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے۔

دوسری جانب مرطوب نمی زیادہ ہونے کی وجہ سے امس بھری گرمی کا احساس ہوگا۔ 13 اپریل سے ہواؤں کا رخ مشرق اور جنوب مشرق کی جانب ہونے کا امکان ہے۔ نیز خلیج بنگال سے مرطوب ہوائیں جھارکھنڈ کے راستے بہار کے جنوبی حصوں تک پہنچیں گی۔ 14 اپریل سے ریاست کے جنوبی حصے میں پوروا ہوائیں چلنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے ہوائیں 30 سے ​​40 کلومیٹر کی رفتار سے چلیں گی اور آندھی کے بعد بارش کی صورت حال بھی ہوسکتی ہے۔