بائیں بازو کے کئی رہنما کورونا وبا کے شکار

سی پی آئی کے قومی سکریٹری اتل کمار انجان نے بتایا کہ اترپردیش میں کورونا وائرس کی ہولناک صورتحال ہے اور حکومت حقائق کو چھپا رہی ہے۔ حکومت کو جلد عوام کی ٹیکہ کاری کرنی چاہیے اور اسپتالوں میں بہتر میڈیکل سہولت مہیا کروانی چاہیے۔

نئی دہلی: کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے کئی رہنما کووڈ وبا کے شکار ہو گئے ہیں اور آئسولیٹ ہو گئے ہیں۔

آل انڈیا ٹریڈ یونین کانگریس (اے آئی ٹی یو سی) کی جنرل سکریٹری امرجیت کور نے ہفتہ کے روز یہاں بتایا کہ سی پی آئی کے سینئر رہنما ڈی راجہ اور ایچ مہادیون بھی کورونا متاثر ہیں۔

محترمہ کور نے بتایا کہ مسٹر راجہ کل ہی ٹیسٹ میں کورونا متاثر پائے گئے۔ انھیں کورونا ضابطوں کے تحت آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔ مسٹر مہادیون اور ان کی بیوی کو بھی اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں سے انھیں چھٹی دے دی گئی ہے۔ اس کے بعد وہ گھر میں رہ رہے ہیں۔ علاج سے انھیں تیزی سے فائدہ ہو رہا ہے۔

سی پی آئی کی پنجاب یونٹ کے جنرل سکریٹری نرمل دھالی وال بھی کورونا متاثر ہو گئے تھے لیکن اب وہ اس وائرس سے صحتیاب ہو چکے ہیں۔ سی پی آئی کی ہریانہ یونٹ کے جنرل سکریٹری بیچو گِری بھی کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں اور انھیں اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔

ٹریڈ یونین کے رہنما نے کہا کہ عوام کو قوت مدافعت بڑھانے کے لیے ٹیکہ کاری کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کئی بار ٹیکہ لگا دینے کے باوجود عوام کورونا کا شکار ہو جاتے ہیں لیکن قوت مدافعت بڑھنے سے فائدہ ہوتا ہے۔

سی پی آئی کے قومی سکریٹری اتل کمار انجان نے بتایا کہ اترپردیش میں کورونا وائرس کی ہولناک صورتحال ہے اور حکومت حقائق کو چھپا رہی ہے۔ حکومت کو جلد عوام کی ٹیکہ کاری کرنی چاہیے اور اسپتالوں میں بہتر میڈیکل سہولت مہیا کروانی چاہیے۔

مسٹر انجان نے کہا کہ عوام کو آخری رسومات کی ادائیگی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لاشوں کو جلانے کے لیے عوام کو ٹوکن دیا جا رہا ہے جس کے سبب انھیں شدید مشکلات ہو رہی ہے۔