دہلی میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر رات کا کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کرفیو رات 10 بجے سے صبح پانچ بجے تک نافذ رہے گا۔
نئی دہلی: دہلی میں بڑھتے کورونا وائرس کے کیسز کے پیش نظر منگل کی رات سے کرفیو لگانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ 30 اپریل تک نافذ نائٹ کرفیو کے تحت رات 10 سے صبح پانچ بجے تک عوام کے گھر سے باہر نکلنے پر پابندی ہوگی۔
دہلی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) نے آج اس سلسلے میں ایک گائڈ لائن جاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر رات کا کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کرفیو رات 10 بجے سے صبح پانچ بجے تک نافذ رہے گا۔ عوامی گاڑیوں جیسے بس، آٹو، ٹیکسی کو طے شدہ وقت کے بعد انہی لوگوں کو لانے اور لے جانے کی اجازت ہوگی جنھیں اس دوران رخصت دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے جمعہ کے روز کہا تھا کہ دہلی میں کورونا کی صورتحال قابو میں ہے اور حکومت کا لاک ڈاؤن لگانے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور مستقبل میں ضرورت پڑتی ہے تو عوام سے بات کرکے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کورونا کی چوتھی لہر کا سامنا کر رہی ہے لیکن یہ گذشتہ لہر سے کم سنگین ہے لہٰذا ابھی گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔