کسانوں کا کہنا ہے کہ شوگر فیکٹری کو دوبارہ کھولنے کا ٹی آر ایس نے انتخابات سے پہلے وعدہ کیا تھا تاہم اس وعدہ کی تکمیل نہیں کی گئی۔ ان کسانوں نے انتباہ دیا کہ اس شوگر فیکٹری کے احیا تک احتجاج جاری رہے گا۔
حیدرآباد: متیم پیٹ شوگر فیکٹری کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کرنے والے کانگریس کے لیڈروں، کارکنوں اور کسانوں کو پولیس نے تلنگانہ کے ضلع جگتیال میں گرفتار کرلیا۔ کل رات سے گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کسانوں نے اس بند فیکٹری کے احیا کا مطالبہ کرتے ہوئے چلو جگتیال کی اپیل کی تھی۔
اس پروگرام کی حمایت کرنے والے کانگریس کے لیڈروں اور کارکنوں کو احتیاطی طور پر پہلے ہی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ کورونا کے اصولوں کے مطابق اجتماعی پروگراموں کے اہتمام کی کوئی اجازت نہیں ہے۔
دوسری طرف کسانوں کا کہنا ہے کہ اس شوگر فیکٹری کو دوبارہ کھولنے کا ٹی آر ایس نے انتخابات سے پہلے وعدہ کیا تھا تاہم اس وعدہ کی تکمیل نہیں کی گئی۔ ان کسانوں نے انتباہ دیا کہ اس شوگر فیکٹری کے احیا تک احتجاج جاری رہے گا۔ ان کسانوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے احتجاج کرنے والے کسانوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی اور کہا کہ کسانوں کے ساتھ پولیس کا رویہ نامناسب ہے۔ کسان اپنے حق کیلئے لڑائی لڑ رہے ہیں۔