لشکر طیبہ کے دہشت گرد کو سنائی گئی 10 سال قید کی سزا

بہادر علی جموں و کشمیر کے باشندے اور لشکر طبیہ سے وابستہ ابو سعد اور ابو درداء کے ساتھ مل کر قومی دارالحکومت دہلی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردانہ حملے کرنے کے لئے نوجوانوں کو تربیت دیتا تھا۔

نئی دہلی: دہلی کی پٹیالہ ہاؤس عدالت نے پاکستانی شہری اور لشکر طیبہ کے دہشت گرد بہادر علی عرف سیف اللہ منصور کو 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) نے بدھ کے روز یہ اطلاع دی۔ این آئی اے نے بتایا کہ عدالت نے بہادر علی کو تعزیرات ہند کی دفعات 120 بی، 121 اے، 489 سی اور انسداد غیر قانونی سرگرمی ایکٹ کی دفعات 17، 18، 20 اور 38 کے تحت قصوروار قرار دیا ہے۔

اس کے علاوہ عدالت نے بہادر علی کو اسلحہ ایکٹ کی دفعہ 7،10، اور 25، نیز دھماکہ خیز مواد ایکٹ کی دفعہ 9B اور فارینرس ایکٹ کی دفعہ 14 اور دفعہ 6 (1A) کے تحت قصوروار قرار دیتے ہوئے 10 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ بہادر علی جموں و کشمیر کے باشندے اور لشکر طبیہ سے وابستہ ابو سعد اور ابو درداء کے ساتھ مل کر قومی دارالحکومت دہلی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردانہ حملے کرنے کے لئے نوجوانوں کو تربیت دیتا تھا۔

این آئی اے نے بتایا کہ بہادر علی کو 25 جولائی 2016 کو جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے یہاما گاؤں سے گرفتار کیا تھا۔ اس کے پاس سے ایک اے کے- 47 رائفل کے ساتھ دیگر اسلحہ برآمد ہوئے تھے۔